کراچی، حیدرآباد، سکھر موٹروے پر کام جلد شروع ہو گا، عبدالعلیم خان

کراچی، حیدرآباد، سکھر موٹروے پر کام جلد شروع ہو گا، عبدالعلیم خان

اسلام آباد(دنیا رپورٹ)وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ کراچی، حیدرآباد، سکھر موٹرویز کا منصوبہ اسی سال شروع کر دیا جائے گا اسلامک ڈویلپمنٹ بینک نے تعاون کا یقین دلایا ہے اور اس سال ستمبر میں حتمی فیصلے کے بعد قرض منظور ہوگا۔

انہوں نے وزیراعلیٰ سندھ کی موٹرویز بارے میڈیا سے گفتگو پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ بطور وفاقی وزیر مواصلات میری گزشتہ ایک سال کی ذمہ داری ہے، پچھلی حکومتوں کے سکھر، حیدرآباد اور کراچی موٹرویز نہ بنانے پر کچھ نہیں کہنا چاہتا۔ کراچی پورٹ کا موٹروے کے ساتھ منسلک ہونا امپورٹ ایکسپورٹ اور بزنس کیلئے انتہائی ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام سیاسی پارٹیاں وفاق میں رہیں جن میں پیپلز پارٹی کے 5سال بھی شامل تھے اور ان حکومتوں نے کئی سال موٹرویز نہ بنا کر ضائع کر دیئے، سکھر سے حیدرآباد ہی نہیں حیدرآباد سے کراچی موٹروے بھی بنائیں گے اور اسے دو سال میں مکمل کرینگے جبکہ ناردرن بائی پاس کو بھی 8 لین کی موٹروے میں تبدیل کیا جائے گا، سکھر حیدرآباد موٹروے 5زونز میں تقسیم کی گئی ہے، 3 زونز کیلئے اسلامک ڈویلپمنٹ بینک جبکہ باقی دو زون کیلئے کوئی اور بینک یا ڈونر ایجنسی فنڈنگ کریگی۔ انہوں نے وزیراعلیٰ سندھ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اگر ان کے 25 ارب روپے کی ضرورت پڑی تو ضرور زحمت دیں گے، وفاق دو بلین ڈالر کے اس منصوبے کو اپنے وسائل سے مکمل کرنے کا خواہاں ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں