مظفرآباد، 21واں اٹامک انرجی کینسر ہسپتال تکمیل کے قریب

اسلام آباد (خصوصی نیوز رپورٹر) پاکستان اٹامک انرجی کمیشن (پی اے ای سی) ملک بھر میں قائم اپنے 20کینسر ہسپتالوں میں عام عوام کو صحت کی بہترین اور جدید ترین سہولیات کی فراہمی کے ساتھ قوم کی کینسر کے خلاف جنگ میں سب سے آگے ہے۔
یہ ہسپتال ہر سال کینسر سے متاثرہ چالیس ہزار نئے مریضوں کو صحت کی سہولیات فراہم کر رہے ہیں۔ پی اے ای سی کے شعبہ تعلقاتِ عامہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان میں ہر طرح کے کینسر کے تقریباً 80فیصد مریضوں کا علاج پی اے ای سی کے کینسر ہسپتالوں سے کروایا جاتا ہے جہاں تشخیص و جدید ترین علاج کی بہترین سہولیات نہایت سبسڈائزڈ ریٹس پر دستیاب ہیں۔ ان ہسپتالوں میں نیوکلیئر میڈیسن، ریڈیا لوجی، ریڈی ایشن اونکولوجی اور میڈیکل اونکولوجی جیسے خصوصی شعبہ جات کے تحت مکمل کینسر مینجمنٹ فراہم کی جاتی ہے۔ پی اے ای سی نے پاکستان انسٹیٹیوٹ آف انجینئرنگ اینڈ اپلائیڈ سائنسز (پیاس) کے ساتھ اشتراک سے اب تک 250ڈاکٹروں سمیت 2,600سے زائد طبی ماہرین کو تربیت دی ہے۔ آزاد جموں و کشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد میں 21واں اٹامک انرجی کینسر ہسپتال تکمیل کے قریب ہے جو خطے میں کینسر کے مؤثر علاج کی فراہمی میں نمایاں کردار ادا کرے گا۔