سیکٹر جی 14ون، معاوضہ ادائیگی میں بے ضابطگی، تحقیقاتی کمیٹی قائم

اسلام آباد (دنیا رپورٹ) ڈائریکٹر جنرل فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائز ہاؤسنگ اتھارٹی کیپٹن ریٹائرڈ ظفر اقبال نے سیکٹر G-14/1میں 26تعمیر شدہ جائیدادوں کے BUPمعاوضے کے ایوارڈ سے متعلق بعض اخبارات میں شائع ہونے والی خبروں کے تناظر میں ہاؤسنگ اتھارٹی کے چار سینئر افسران پر مشتمل ایک فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی تشکیل دی ہے۔
جو مذکورہ معاملے کی جامع اور شفاف تحقیقات کرے گی، کمیٹی میں فیض عمر سیال ڈائریکٹر ایڈمن، عاصم عامر ڈائریکٹر آئی ٹی، صاحبزادہ قاسم نور ڈپٹی ڈائریکٹر فنانس، حارث فواد اسسٹنٹ ڈائریکٹر شامل ہیں، کمیٹی اس بات کا تعین کرے گی کہ کیا اس کا مقصد واقعی پرانے اور اصل متاثرین کو معاوضہ دینا تھا یا غیر قانونی تعمیرات/مکانات کو خلاف قانون فائدہ پہنچایا گیا۔ کمیٹی کو ڈائریکٹر جنرل ہاؤسنگ اتھارٹی نے ہدایت کی ہے کہ وہ 7دن کے اندر اندر اپنی تحقیقاتی رپورٹ جمع کروائے اور ذمہ داروں کا تعین کرے۔ افسران سے لے کر چھوٹے ملازم تک کوئی بھی ملوث پایا گیا اس کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروا ئی ہو گی، جو قانون کے مطابق اصل مالکان ہیں انہی کو معاوضہ دیا جائے گا کسی کی حق تلفی نہیں کی جائے گی، جس کسی نے بھی متاثرین کا حق تلف کرنے کی کوشش کی ایکشن لیا جائیگا۔