تیل قیمتوں میں اضافہ واپس ،ورنہ ملک بھر میں احتجاج ہوگا ، تاجر رہنما

اسلام آباد(اپنے رپورٹرسے )مرکزی تنظیم تاجران پاکستان کے صدر محمد کاشف چو دھری نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ۔۔۔
عوام دوست بجٹ کا راگ آلاپنے والی حکومت نے بجٹ منظور ہونے سے قبل ہی عوام پر پٹرول بم گرا کر عوام دشمنی کے اپنے ارادے آشکار کر دئیے ہیں، تیل کی قیمتوں میں اضافہ واپس نہ لیا گیا تو ملک بھر میں تا جر احتجاج کرینگے ۔ایک بیان میں انہوں نے کہا حکومت کی جانب سے پیش کیا جانے والا خسارے کا بجٹ اعداد و شمار کے ہیر پھیر کے سوا کچھ نہیں، پٹرولیم مصنوعات پر لیوی 78 روپے سے بڑھا کر 100 روپے لٹر کر کے معیشت اور عوام پر پٹرول بم گرا دیا گیا، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کو مسترد کرتے ہیں۔ اور حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ اضافہ فوری واپس لیا جائے بصورت دیگر ملک بھر میں بھرپور احتجاج کریں گے ۔