ریلوے پولیس کے شہید کانسٹیبلز کے اہلخانہ کو امدادی چیک فراہم

اسلام آباد، راولپنڈی(خصوصی نامہ نگار)وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی نے 2024 میں مردان میں تجاوزات کے خلاف آپریشن کے دوران شہید ریلوے پولیس کانسٹیبل محمد عمر اور کانسٹیبل محمد وقاص کے اہلِ خانہ کو امدادی چیکس پیش کیے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا محمد عمر اور محمد وقاص نے فرائضِ منصبی ادا کرتے ہوئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا جو ناقابلِ فراموش قربانی ہے۔ ادھر حنیف عباسی سے سید مرتضیٰ موسوی ایڈووکیٹ کی زیر قیادت وفد نے ملاقات کی جس میں علمائے کرام اور مذہبی شخصیات شامل تھیں۔ اس موقع پر عزاداروں، اور ریل میں سفر کرنے والے زائرین کو درپیش مسائل، سکیورٹی، ٹرین شیڈول، خصوصی ٹرینوں اور سٹیشنز پر صفائی و پانی کی فراہمی جیسے انتظامی امور سے وزیر کو آگاہ کیا گیا۔ وزیر ریلوے نے اس بارے میں افسروں کو ہدایات جاری کر دیں۔ وزیر ریلوے نے سی ای او ایجوکیشن امان اللہ خان اور ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر سیکنڈری ڈاکٹر گل احمد سے ملاقات کی اور حلقے کے سکولوں کی بہتری، انفرا سٹرکچر کی ترقی اور معیاری تعلیم کی فراہمی پر تبادلہ خیال کیا۔