پاکستانی انجینئرز کو مواقع کی راہ ہموار ، پاکستان، چین میں تاریخی معاہد ہ
اسلام آباد ( دنیا رپورٹ ) پاکستان انجینئرنگ کونسل اور چائنیز سوسائٹی آف انجینئرز کے درمیان انجینئرنگ کی تعلیمی قابلیت کی باہمی منظوری کے تاریخی معاہدے پر چین کے شہر چینگڈو میں دستخط ہو گئے ۔
اس معاہدے کے تحت دونوں ممالک کے انجینئرز کو ایک دوسرے کے ہاں بغیر کسی اضافی امتحان کے پیشہ ورانہ لائسنس اور مواقع حاصل ہوں گے ،پاکستانی انجینئرز اب نہ صرف چین بلکہ بی آر آئی میں شامل دیگر ممالک میں بھی انفراسٹرکچر، توانائی، آئی سی ٹی اور سمارٹ سٹی جیسے منصوبوں میں کام کر سکیں گے ۔ دستخط تقریب کی قیادت چیئرمین PEC انجینئر وسیم نذیر اور صدر CSE مسٹر وان گانگ نے کی۔ معاہدے پر دستخط پاکستان کی جانب سے سیکر ٹری /رجسٹرار PEC ڈاکٹر ناصر محمود خان اور چین کی جانب سے ڈپٹی سیکرٹری جنرل CSE ژانگ بن نے کئے ۔