بہارہ کہو ملپور میں پانی کی شدید قلت ،مکین مشکلات کا شکار

بہارہ کہو (نمائندہ دنیا) ملپور میں پانی کی شد ید قلت ،شہری پانی کی بوند بوند کو ترس گئے، تمام کنویں خشک ہوجانے کی وجہ سے عوام علاقہ کی مشکلات میں اضافہ ہو گیا۔۔۔
جبکہ واٹر ٹینکر مافیا نے پانی بحران کے مارے شہریوں کو دونوں ہا تھوں سے لو ٹنا شروع کر دیا ، مکینوں نے وزیر داخلہ اور چیئرمین سی ڈی اے سے کارروائی کا مطالبہ کیا ہے ۔ ملپور اور اس سے ملحقہ بستیوں کے مکینوں کا کہنا ہے کہ ملپور میں قائم بڑے سرکاری ٹیوب ویل سے روزانہ کی بنیاد پر سینکڑوں واٹر ٹینکر بھر ے اور فروخت کئے جا رہے ہیں جس کے باعث علاقے میں صدیوں پرانے قدرتی کنویں مکمل طور پر خشک ہو چکے ہیں۔اہل علاقہ نے الزام عائد کیا ہے کہ مقامی انتظامیہ اور متعلقہ ادارے واٹر ٹینکر مافیا کی سرگرمیوں پر خاموش تماشائی بنے ہو ئے ہیں۔ خواتین، بزرگ اور بچے روزانہ کئی کلومیٹر دور سے پانی لانے پر مجبور ہیں ۔اہل علاقہ نے مطالبہ کیا ہے کہ ملپور میں قائم سرکاری ٹیوب ویل سے پانی کی کمرشل بنیادوں پر فروخت پر فوری پابندی عائد کی جائے اور واٹر ٹینکر مافیا کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے ورنہ احتجاج پر مجبور ہو نگے۔