واسا راولپنڈی کے 5 منصوبوں کیلئے 16 کروڑ 60 لاکھ روپے منظور

راولپنڈی(زاہداعوان/نیوزرپورٹر)پنجاب حکومت نے واسا راولپنڈی کے 2نئے اور 3جاری میگا پراجیکٹس کیلئے نئے مالی سال میں 16کروڑ 60لاکھ روپے منظور کرلیے، ان منصوبوں کامجموعی تخمینہ لاگت 6ارب 38کروڑ 46لاکھ 35ہزار روپے ہے۔
صوبائی حکومت نے سالانہ ترقیاتی پروگرام میں راول جھیل اور اس سے ملحقہ کیچمنٹ ایریا میں 4سیوریج ٹریٹمنٹ پلانٹس و سیوریج لائنوں کی تعمیر کے فیز ون کیلئے مجموعی طور پر 5ارب 24کروڑ 47لاکھ روپے مختص کردئیے ۔ دادھوچھاڈیم سے راولپنڈی شہر کو پانی کی اضافی فراہمی کے منصوبے کی فیز یبلٹی سٹڈی اور جامع ڈیزائن کے پی سی ٹو کیلئے مجموعی طور پر 5کروڑ8لاکھ8ہزار روپے مختص کیے گئے ہیں ۔ یونین کونسلوں لکھن، موہری غزن اور دھمیال کی واٹر سپلائی سکیموں کیلئے مجموعی طور پر 49 کروڑ41لاکھ 27ہزار روپے مختص کیے گئے تھے جن میں سے 21کروڑ 46لاکھ 52ہزار روپے جون 2025 تک خرچ کیے جاچکے ہیں جبکہ 6کروڑ روپے نئے مالی سال میں جاری ہونگے ۔ شہر کی یونین کونسلوں4،5،6،7اور8میں آئی جے پی روڈ کے قریب 10ٹیوب ویلوں کی تنصیب کیلئے مجموعی طور پر 20کروڑ روپے مختص کیے گئے تھے جن میں سے 2کروڑ روپے رواں مالی سال میں خرچ کیے گئے جبکہ 3کروڑ روپے نئے مالی سال میں جاری کیے جائیں گے ۔ یونین کونسلوں ڈہوک حسو، فوجی کالونی، صفدرآباد، خیابان سرسید اور پیرود ہا ئی میں سیوریج کیلئے مجموعی طور 39کروڑ 50لاکھ روپے مختص کیے گئے تھے جن میں سے 5کروڑ روپے رواں مالی سال جاری ہوئے جبکہ ساڑھے 6کروڑ روپے نئے مالی سال میں جاری کیے جائیں گے۔