روئی کی 60 لاکھ گانٹھ کا ہدف حاصل کرینگے، سیکر ٹری زراعت

راولپنڈی (خصوصی نامہ نگار) سیکرٹری زراعت پنجاب افتخار علی سہو کی زیر صدارت کپاس کی موجودہ صورت حال بارے اجلاس ہواجس میں فصل کی نگہداشت اور پیداواری اہداف کے حصول پر تفصیلی غور کیا گیا۔
اس موقع پر سیکرٹری زراعت نے کہا کہ روئی کی 60 لاکھ گانٹھوں کے ہدف کے حصول کیلئے تمام ممکنہ وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں۔ انہوں نے فیلڈ رپورٹس کے حوالے سے کپاس کی موجودہ حالت کوتسلی بخش قرار دیا تاہم انہوں نے ضرررساں کیڑوں کے ہاٹ سپاٹس پر بروقت سپرے کرانے کی ہدایت کی تاکہ ان کے پھیلاؤ کو روکا جا سکے ۔ اجلاس میں ایڈیشنل سیکرٹری زراعت ٹاسک فورس پنجاب محمد شبیر احمد خان،ڈائریکٹر جنرل کراپ رپورٹنگ پنجاب ڈاکٹر عبدالقیوم، کنسلٹنٹ محکمہ زراعت پنجاب ڈاکٹر محمد انجم علی سمیت دیگر افسران بھی موجود تھے ۔ سیکرٹری زراعت نے مزید کہا کہ کپاس کی نگہداشت کے سلسلہ میں جاری سرگرمیوں میں مزید تیزی لائی جائے تاکہ فصل کو ممکنہ نقصانات سے محفوظ رکھا جا سکے۔