کابینہ کمیٹی برائے امن و امان کا دورہ راولپنڈی، سکیورٹی کا جائزہ

راولپنڈی(خصوصی نامہ نگار)صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق کی قیادت میں کابینہ کمیٹی برائے امن و امان نے راولپنڈی کا دورہ کیا اورکمشنر آفس میں اجلاس کی صدارت کی۔
صوبائی وزیر قانون ملک صہیب احمد بھرتھ، ممبران قومی اسمبلی طاہرہ اورنگزیب، ملک ابرار، سیکرٹری داخلہ ڈاکٹر احمد جاوید قاضی، ایڈیشنل آئی جی سپیشل برانچ راؤ عبد الکریم اور ایڈیشنل آئی جی پنجاب شہزادہ سلطان بھی ہمراہ تھے ۔ صوبائی وزیر صنعت چودھری شافع حسین نے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔ کمشنر راولپنڈی ، آر پی او نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ راولپنڈی ڈویژن میں تمام 4374 مجالس اور 1003 جلوسوں کے انتظامات مکمل کیے جا چکے ہیں۔ 184 افراد کو فورتھ شیڈول میں رکھا گیا ہے ۔ پولیس کی امداد کیلئے آرمی کی 5 اور رینجرز کی 6 کمپنیاں تعینات ہونگی ۔خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ محرم الحرام ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جائے ۔ پنجاب بھر میں جلوس اور مجالس میں وقت کی پابندی کو یقینی بنایا جائے ۔ ایس او پیز پر من و عن عملدرآمد کیا جا ئے ۔ علاوہ ازیں خواجہ سلمان رفیق نے علامہ ساجد نقوی سے خیر سگالی ملاقات بھی کی جس میں محرم الحرام کے دوران حکومت پنجاب کی جانب سے کئے گئے حفاظتی انتظامات پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔دریں اثنا خواجہ سلمان رفیق نے راولپنڈی انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کا دورہ کیا،انہوں نے ایئر کنڈیشنرز کے فعال نہ ہونے پر اظہار برہمی کیا اور جلد فعال کرنے کی ہدایت کی ۔انہوں نے مزید کہا کہ ہسپتالوں میں مریضوں کے علاج معالجے میں غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔