بقایا جات کی وصولی، سی ڈی اے فیسلیٹیشن سینٹر 30 جون تک بلا تعطل کھلا رہیگا

اسلام آباد(خصوصی رپورٹر)چیئرمین سی ڈی اے، چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا کی ہدایات کی روشنی میں سی ڈی اے کے قائم مقام چیئرمین طلعت محمود کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا جس میں اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
اجلاس میں سی ڈی اے کے بقایاجات کی بروقت وصولی کے لیے قانونی طریقہ کار کے مطابق تمام اقدامات اٹھانے کا فیصلہ کیا گیا، سی ڈی اے کے ترجمان کے مطابق ون ونڈو فیسلیٹیشن سینٹر کو شہریوں کی آسانی کے لیے صبح 9 بجے سے رات12 بجے تک 30 جون تک کھلا رکھا جائے گا۔ اس ضمن میں سی ڈی اے کی تمام متعلقہ فارمیشنز کو 30 جون تک بغیر کسی تعطل کے رات 12 بجے تک کام کرنے کی ہدایت کی گئی ہے اور اس سلسلہ میں نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے ۔اجلاس میں واضح کیا گیا کہ اگر 30 جون تک شہری سی ڈی اے کے بقایاجات ادا نہیں کریں گے تو تمام نادہندگان کی پراپرٹیز پر بھاری جرمانے عائد اور ان کی پراپرٹیز کی الاٹمنٹ /لیز منسوخ کی جا ئیگی ، ایسی تمام پراپرٹیز کو قانون کے مطابق نیلام اور تمام نادہندگان کے نام اخبارات میں شائع کیے جائیں گے ۔چیئرمین سی ڈی اے نے ہدایت کی ہے کہ جو افراد یا ادارے مقررہ وقت کے اندر اپنے واجبات ادا نہیں کریں گے ان کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے۔