بنگلہ دیشی جامعات کے وفدکا دورہ پاکستان اختتام پذیر
اسلام آباد (نامہ نگار) بنگلہ دیش کی نمایاں جامعات کے 7رکنی اعلیٰ سطح وفد نے پاکستان کا ایک ہفتے پر محیط دورہ کامیابی مکمل کر لیا- کامسٹیک کی جانب سے جاری بیان کے مطابق اس دورے کے دوران پاکستانی جامعات اور صنعتی اداروں کے ساتھ 20سے زائد مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے گئے جو دونوں برادر ممالک کے درمیان علمی تعاون کے ایک نئے باب کا آغاز ہے۔
وفد پاکستان میں قائم اسلامی تعاون تنظیم کی کمیٹی کامسٹیک کی خصوصی دعوت پر 16سے 21جون 2025تک پاکستان میں قیام پذیر رہا۔ وفد نے لاہور، اسلام آباد اور مری میں واقع پاکستان کی ممتاز جامعات اور کامسٹیک کنسورشیم آف ایکسیلنس کی رکن جامعات کا دورہ کیا۔ دورے کے دوران معروف صنعتی ادارے گورمے فوڈز کے ساتھ معاہدہ بھی کیا گیا جس کے تحت بنگلہ دیشی طلبہ کو صنعتی انٹرن شپس فراہم کی جائیں گی ۔وفد کے اعزاز میں مختلف استقبالیہ تقریبات کا انعقاد کیا گیا جن کی میزبانی ڈاکٹر چودھری عبد الرحمن ، بنگلہ دیش کے ہائی کمشنر محمد اقبال حسین خان اور کوآرڈینیٹر جنرل کامسٹیک پروفیسر ڈاکٹر محمد اقبال چودھری نے کی۔ وفد نے کامسٹیک اور یونیورسٹی آف لاہور کی جانب سے 100سکالر شپس کے اعلان پر شکریہ ادا کیا۔