عالمی انٹرنیٹ گورننس فورم 2025میں پاکستان کی بھرپور شرکت

  عالمی انٹرنیٹ گورننس فورم 2025میں پاکستان کی بھرپور شرکت

اسلام آباد ( نیوز رپورٹر) ناروے کے شہر لیلسٹروم میں منعقدہ 20ویں سالانہ انٹرنیٹ گورننس فورم (IGF-2025) میں پاکستان نے فعال شرکت کے ذریعے ڈیجیٹل شمولیت، شہریوں کے تحفظ اور عالمی سطح پر ذمہ دار ڈیجیٹل نظم و نسق کے قیام کے عزم کا اعادہ کیا۔

پارلیمانی وفد کی قیادت سینیٹر انوشہ رحمان کر رہی ہیں، وفد میں سینیٹر فلک ناز،سینیٹر محمد اسلم ابڑو اور چیئرمین پی ٹی اے میجر جنرل (ر) حفیظ الرحمان بھی شامل ہیں، سینیٹر انوشہ رحمان نے پارلیمنٹری ٹریک پینل مباحثے میں شرکت کی اور غلط معلومات، پراپیگنڈا اور ڈیجیٹل خودمختاری سے متعلق کئی اہم سوالات اٹھائے اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کی عالمی سطح پر جوابدہی کا مطالبہ کیا۔انہوں نے کہا سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر موجود گمراہ کن مواد جیسے ڈیپ فیکس، جعلی خبریں اور پرا پیگنڈا کو حکومتی درخواست پر ہٹانے کے لیے کیا طریقہ کار موجود ہے ،سوشل میڈیا کمپنیاں کوئی متبادل طریقہ فراہم نہیں کرتیں تاکہ شہریوں کو تحفظ دیا جا سکے ۔ انہوں نے انٹرمیڈیئری لائیبلٹی پروٹیکشن (Intermediary Liability Protection) پر نظرثانی کا مطالبہ کیا جس کے تحت سوشل میڈیا کمپنیاں قانونی جوابدہی سے بچ جاتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا کا بطور ہتھیار استعمال ایک عالمی خطرہ بن چکا ہے  ۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں