راولپنڈی : 9 انڈر پاسز ، فلائی اوورز کی تعمیرو توسیع کیلئے 22 ارب ، 42 کروڑ روپے منظور

راولپنڈی(زاہداعوان/نیوزرپورٹر)پنجاب حکومت نے راولپنڈی شہر وکینٹ کو سگنل فری بنانے کیلئے مزید 9انڈرپاسز وفلائی اوور تعمیر کرنے کی منظوری دیدی جن پر 22ارب42کروڑ روپے مجموعی لاگت آئے گی۔۔۔
اس رقم میں سے 85کروڑ 40لاکھ روپے یکم جولائی کے بعد جاری کر دئیے جائیں گے ۔ خواجہ کارپوریشن فلائی اوور اور جی پی اوچوک انڈرپاس کیلئے بھی 7کروڑ30لاکھ روپے مزید جاری کیے جائیں گے ۔ راولپنڈی میں پشاور روڈ پر چیئرنگ کراس انڈرپاس کیلئے ایک ارب 50کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں جن میں سے 5کروڑ40 لاکھ روپے نئے مالی سال میں جاری ہونگے ۔ ریس کورس چوک انڈرپاس کیلئے 2ارب60کروڑ روپے مختص ہیں جبکہ 9کروڑ40 لاکھ روپے نئے مالی سال میں جاری ہونگے ۔ آرمی قبرستان چوک پشاورروڈ انڈرپاس کیلئے ایک ارب 90کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں جن میں سے 6کروڑ 80لاکھ روپے یکم جولائی کے بعد جاری کردئیے جائیں گے ۔ کچہری چوک انڈرپاس وفلائی اوور کیلئے مجموعی طور پر 4ارب45 کروڑ روپے مختص کیے گئے جن میں سے 16کروڑ نئے مالی سال میں جاری کیے جائیں گے ۔افتخارجنجوعہ چوک جی ٹی روڈ کی توسیع اور انڈرپاس کی تعمیر کیلئے ایک ارب 93کروڑ روپے مختص ہیں جن میں سے 6کروڑ90لاکھ نئے مالی سال میں جاری کردئیے جائیں گے ۔ ایئرپورٹ روڈ پر جناح پارک (انیکسی چوک) انڈرپاس وفلائی اوور کی تعمیر کیلئے 4ارب15کروڑ مختص کیے گئے ہیں جن میں سے 14کروڑ 90لاکھ روپے یکم جولائی کے بعد جاری ہونگے ۔ عمارچوک میں فلائی اوور کی تعمیر کیلئے 3ارب45کروڑ مختص ہیں جن میں سے 12کروڑ40لاکھ روپے نئے مالی سال میں جاری ہونگے ۔ اڈیالہ روڈ پر تلسہ چوک انڈرپاس کیلئے ایک ارب69کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں جن میں سے 6کروڑ 10لاکھ روپے نئے مالی سال میں جاری ہونگے ۔ رینج روڈ پر سی اوڈی چوک کی توسیع و انڈرپاس کی تعمیر کیلئے 3ارب75کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں جن میں سے 13کروڑ 50لاکھ روپے یکم جولائی کے بعد جاری کیے جائیں گے ۔