بنگلہ دیش ہائی کمشنر کا کامسیٹس یونیورسٹی مائیکرون سنٹر کا معائنہ

اسلام آباد (خصوصی رپورٹر) پاکستان میں بنگلہ دیش کے ہائی کمشنر محمد اقبال حسین نے دونوں ممالک کے تعلیمی اداروں کے مابین تعاون بڑھانے کے حوالے سے کامسیٹس یونیورسٹی اسلام آباد کا دورہ کیا۔
ہائی کمشنر کو یونیورسٹی کے کیمپس میں مختلف مقامات اور سہولیات جنید زیدی لائبریری اور سنٹر آف مائیکرون اور نینو ڈایوائسز کا دورہ کرایا گیا۔ ہائی کمشنر نے اس موقع پر کہا بنگلہ دیش اور پاکستان میں نینو اور انفارمیشن ٹیکنالوجیز، سائنس، ٹیکنالوجی، اعلیٰ تعلیم کے شعبوں میں تعاون کے کئی مواقع موجود ہیں۔ کامسیٹس یونیورسٹی کے او آئی سی ممبر ممالک بالخصوص بنگلہ دیشی طلبہ کیلئے سکالرشپ پروگرام کے حوالے سے ہائی کمشنر کو آگاہ کیا گیا۔ ریکٹر پروفیسر ڈاکٹر ساجد قمر نے پاکستان اور بنگلہ دیشن کے تعلیمی اداروں کے حالیہ باہمی معاہدوں پر روشنی ڈالی اور کہا بنگلہ دیشی طالب علموں اور ریسرچرز کیلئے کامسٹیس یونیورسٹی بھرپورتعاون کرے گی۔