بی آ ئی ایس پی کے مستحقین ناانصافی پر آوازبلندکریں ، سینیٹر روبینہ خالد
اسلام آباد(دنیا رپورٹ ) چیئرپرسن بی آ ئی ایس پی سینیٹر روبینہ خالد نے کہا ہے کہ آج ہم لاڑکانہ میں موجود ہیں ۔۔
جو شہید محترمہ بینظیر بھٹو کا شہر ہے اور وہ بہادری اور جدوجہد کی علامت تھیں۔ آپ سب کو اپنے حقوق کے لیے آواز بلند کرنی چاہیے کیونکہ جب تک آپ شکایت درج نہیں کروائیں گے ، ہم مؤثر کارروائی نہیں کر سکیں گے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ڈپٹی کمشنر آفس لاڑکانہ کے دربار ہال میں منتخب عوامی نمائندوں و افسران کے ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں تقریباً ایک کروڑ افراد میں مالی معاونت کی مد میں رقم تقسیم کی جا رہی ہے ،اگر کسی مستحق کے ساتھ ناانصافی ہو رہی ہے تو وہ فوراً اپنی آواز بلند کرے ۔ لاڑکانہ شہر میں 99 ہزار سے زائد گھرانوں کو بینظیر کفالت پروگرام کے تحت نقد ادائیگیاں کی جا رہی ہیں ۔بعد ازاں انہوں نے لاڑکانہ میں قائم بی آئی ایس پی سینٹر کا دورہ کیا جہاں انہوں نے خواتین سے ملاقات کی۔