معرکہ حق اور یوم آزادی کو شایان شان طریقے سے منایا جائیگا : چیئرمین سی ڈی سے

معرکہ حق اور یوم آزادی کو شایان شان طریقے سے منایا جائیگا : چیئرمین سی ڈی سے

اسلام آباد (خصوصی رپورٹر) چیئرمین سی ڈی اے اور چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا کی زیر صدارت سی ڈی اے ہیڈکوارٹرز میں اجلاس منعقد ہوا جس میں سینئر افسران نے شرکت کی۔

اجلاس میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی ہدایت پر معرکہ حق اور یوم آزادی کو شایانِ شان طریقے سے منانے کیلئے سی ڈی اے ، اسلام آباد انتظامیہ، ایم سی آئی اور دیگر اداروں کی جانب سے کئے گئے انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں عمارات پر قومی پرچم لہرانے ، چراغاں کرنے ، تمام اہم شاہراہوں پر خوبصورت لائٹنگ کرنے ، ڈیجیٹل سٹریمرز اور ایل ای ڈیز لگانے کا فیصلہ کیا گیا ۔چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے کہا کہ معرکہ حق اور یوم آزادی کو شایانِ شان طریقے سے منا یا جا ئیگا ۔ انہوں نے کہا تمام پارکس اور گراؤنڈز کو بھی خوبصورت روشنیوں سے سجایا جائے ۔ شہر میں چلنے والی الیکٹرک اور دیگر بسوں پر معرکہ حق اور یوم آزادی کے حوالے سے برینڈنگ بھی کی جائے ۔ چیئر مین نے کہا معرکہ حق کو شایان شان طریقے سے منانے کا مقصد اپنی بہادر افواج کو خراج تحسین پیش کرنا ہے ۔

دریں اثنا چیئرمین سی ڈی اے کی زیر صدارت ایک اور اجلاس میں ڈویلپمنٹ پراجیکٹس کے رفتار کو مزید تیز کرنے کے علاوہ سی ڈی اے کی فائر، ریسکیو ایمرجنسی اینڈ ڈیزاسٹر سروسز کو مزید بہتر بنانے کے ساتھ مختلف جگہوں پر سپورٹس کمپلیکس تعمیر کرنیکا فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس میں شاہین چوک انڈر پاس، کشمیر چوک، ٹی چوک انڈر پاس، فیض آباد انٹرچینج کی توسیع، پاک سیکر ٹریٹ کی اپ لفٹنگ ، اسلام آباد ماڈل جیل کی تعمیر، ایمرجنسی اینڈ ڈیزاسٹر مینجمنٹ کو مزید فعال اور موثر بنانے ، گندھارا سٹیزن سینٹر کو فعال کرنے ، اسلام آباد میں مزید پولیس سٹیشن قائم کرنے ، پولیس اکیڈمی اور ہسپتال کی اپ لفٹنگ کے کام پر اب تک کی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا ۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ اسلام آباد کی تمام شاہراہوں کی اپ گریڈیشن، نئی لائٹس کی تنصیب، لینڈ سکیپنگ، ہارٹیکلچر ورک دیگر ترقیاتی کاموں کا جلد از جلد آغاز کیا جا ئے گا ۔ چیئرمین نے مختلف جگہوں پر ریسکیو ایمرجنسی اینڈ آپریشن سینٹرز کا قیام جلد از جلد عمل میں لانے ، نیشنل پارک میں آگ کی روک تھام کے لئے فائر پوسٹس کے قیام کی بھی ہدایت کی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں