سروائیکل کینسر، ہر سال 5ہزارنئے کیسز ،3ہزار اموات
5سال قبل 194 ممالک نے سروائیکل کینسرخاتمے کی عالمی حکمتِ عملی پرچلنے کاعہدکیاپاکستان میں پہلی بارسروائیکل کینسر کے خاتمے کاعالمی دن منایاگیا،بچاؤ کیلئے آگاہی واک
اسلام آباد(نامہ نگار)پاکستان نے دنیا کے ساتھ مل کر پہلی مرتبہ عالمی سروائیکل کینسر ایلیمینیشن ڈے منایاجو کہ عالمی ادارئہ صحت کی 78ویں ورلڈ ہیلتھ اسمبلی کے فیصلے کے تحت عالمی سطح پر تسلیم کیا گیا ایک اہم سنگِ میل ہے ، اس دن کی بنیاد اُس تاریخی اعلان پر ہے جو 17 نومبر 2020کو کیا گیا تھا، جب 194 ممالک نے سروائیکل کینسر کے خاتمے کی عالمی حکمتِ عملی کی حمایت کا عہد کیا تھا،سروائیکل کینسر پاکستان میں تیزی سے بڑھتا ہوا کینسرہے ، جہاں ہر سال پانچ ہزار سے زائد نئے کیسز اور تقریباً تین ہزار اموات ریکارڈ کی جاتی ہیں۔
رواں سال وفاقی ڈائریکٹوریٹ آف امیونائزیشن (ایف ڈی آئی) نے گاوی اور سول سوسائٹی کے شراکت داروں، خصوصاً ڈوپاسی فاؤنڈیشن کے تعاون سے پاکستان کی پہلی ایچ پی وی ویکسینیشن مہم کا آغاز کیا، جس میں پنجاب، سندھ، اسلام آباد اور آزاد جموں و کشمیر میں 9 سے 14 سال کی92 لاکھ بچیوں کو یہ ویکسین لگائی گئی، عالمی دن کی اہمیت کو اجاگر کرنے اور عوامی آگاہی میں اضافہ کرنے کے لیے ڈوپاسی فاؤنڈیشن نے وفاقی دارالحکومت میں سروائیکل کینسر آگاہی واک کا اہتمام کیا، جس کا مقصد بیماری سے بروقت بچاؤ، توجہ اور اجتماعی ذمہ داری کے پیغام کو عام کرنا تھا۔