ازبک وفد کی سیکرٹری زراعت سے ملاقات، تعاون پر اتفاق
زرعی پیداوار میں پنجاب کا حصہ 70فیصد سے زائد، افتخار سہو کی وفد سے گفتگو
راولپنڈی (خصوصی نامہ نگار) تاشقند ریجن کے گورنر کی قیادت میں ازبکستان کے اعلیٰ سطح کے وفد کی سیکرٹری زراعت پنجاب افتخار علی سہو اور سیکرٹری لائیو سٹاک احمد عزیز تارڑ سے میٹنگ ہوئی۔ وفد کے دورہ کا مقصد باہمی تجارتی تعلقات کو مزید مستحکم بنانا تھا، وفد کے شرکاء سے زرعی اجناس و ڈیری پراڈکٹس بارے گفتگو ہوئی۔ سیکرٹری زراعت نے کہا کہ کل ملکی زرعی پیداوار میں پنجاب کا حصہ 70فیصد سے زائد ہے۔ انہوں نے کہا کہ کپاس، گندم، مکئی، چاول، کماد، آلو، کنو اور آم پنجاب کی اہم فصلیں ہیں۔ زرعی تحقیق کے شعبہ میں دونوں ممالک کو باہمی تعاون کے وسیع مواقع میسر ہیں۔ زراعت و لائیو سٹاک کے محکموں اور ازبکستان کی حکومت کے ساتھ مشترکہ ورکنگ گروپ تشکیل دئیے جائیں گے۔ اس ضمن میں ورکنگ گروپس کے لیے ایک جامع ایجنڈا تیار کیا جا رہا ہے اور ایجنڈا پر باقاعدگی سے آن لائن میٹنگز منعقد کی جائیں گی، دوطرفہ بزنس ٹو بزنس تعاون کو بھی بڑھایا جائے گا۔