سرینگر میں نماز جمعہ سے روکنا افسوسناک اور انتہاپسندانہ عمل ،رفیق نیئر
کشمیری عوام کے عقیدے ، شناخت اور مذہبی آزادی کو طاقت کے ذریعے دبایا نہیں جا سکتا
مظفر آباد (اے پی پی) وزیر اطلاعات و مذہبی امور آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر چوہدری محمد رفیق نیئر نے سرینگر کی تاریخی جامع مسجد میں قابض بھارتی افواج کی جانب سے نماز جمعہ کی ادائیگی پر عائد پابندی کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ انتہائی افسوسناک اور انتہاپسندانہ عمل ہے جو نہ صرف بنیادی انسانی حقوق بلکہ مذہبی آزادی کے عالمی اصولوں کی بھی صریح خلاف ورزی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ انتہا پسند بھارت مقبوضہ کشمیر میں انسانی تاریخ کے بدترین مظالم ڈھا کر طاقت کے بل پر کشمیری عوام کی آواز دبانے کے ساتھ ساتھ ان کی مذہبی و سماجی آزادیوں کو بھی مسلسل سلب کر رہا ہے ۔ کشمیری عوام کے عقیدے ، شناخت اور مذہبی آزادی کو طاقت کے ذریعے دبایا نہیں جا سکتا۔ تحریک آزادی کشمیر کی کامیابی نوشتہ دیوار ہے ۔