مری، ٹرانسپورٹ کرایوں میں 10فیصد اضافہ کی منظوری
ڈپٹی کمشنر کی ٹرانسپورٹرز سے ملاقات، معاملات طے،خلاف ورزی پر کارروائی ہو گی
مری (نمائندہ دنیا) ڈپٹی کمشنر مری آغا ظہیر عباس شیرازی کی ہدایت پر ڈی سی آفس مری میں ضلعی انتظامیہ اور ٹرانسپورٹ یونین کے درمیان اجلاس ہوا جس میں مختلف ٹرانسپورٹ روٹس پر کرایوں اور موجودہ ٹرانسپورٹ صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں ٹرانسپورٹرز کے نمائندگان اور انتظامیہ کے متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران راولپنڈی سے مری اور مری کے دیگر مختلف روٹس پر چلنے والی پبلک ٹرانسپورٹ کے کرایوں کے تعین پر تفصیلی مشاورت کی گئی، ٹرانسپورٹرز کی جانب سے بڑھتے ہوئے اخراجات، ایندھن کی قیمتوں اور دیگر آپریشنل مسائل کے حوالے سے اپنا مؤقف پیش کیا گیا جس پر ضلعی انتظامیہ نے غور کیا طویل مشاورت کے بعد اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ پبلک ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں 10فیصد اضافہ کیا جائیگا تاکہ ٹرانسپورٹرز کو درپیش مشکلات کا کسی حد تک ازالہ ہو سکے جبکہ مسافروں کے مفادات کو بھی مدنظر رکھا جائے۔ اجلاس میں یہ بھی طے پایا کہ ضلعی انتظامیہ مری جلد باقاعدہ سرکاری کرایہ نامہ جاری کرے گی، جس میں تمام ٹرانسپورٹ روٹس کے کرایوں کی تفصیل درج ہوگی، کرایہ نامے پر عملدرآمد یقینی بنانے کیلئے انتظامیہ کی جانب سے باقاعدہ نگرانی کی جائے گی جبکہ مقررہ کرایوں کی خلاف ورزی کرنے والے ٹرانسپورٹرز کے خلاف قانونی کارروائی بھی عمل میں لائی جائے گی۔