فوڈ اتھارٹی کی کارروائی ،جعلی معروف برانڈز تیار کرنیوالا یونٹ پکڑا گیا
گودام سے 100کلو کھلی چائے کی پتی، 200کلو کارن برآمد ،مالک اور ایک ملازم گرفتار
راولپنڈی( خصوصی نامہ نگار) پنجاب فوڈ اتھارٹی نے کارروائی کرتے ہوئے گنج منڈی رتہ امرال کے علاقے میں جعلی معروف برانڈز تیار کرنے والا بڑا یونٹ پکڑ لیا اور دو ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ترجمان کے مطابق خفیہ اطلاعات پر کی گئی کارروائی کے دوران گودام سے 100کلو کھلی چائے کی پتی، 96 کلو معروف برانڈز کی پیکنگ میں بھری جعلی چائے اور 200 کلو کارن برآمد کیا گیا جو مختلف معروف برانڈز کی پیکنگ میں تیار کیا جا رہا تھا۔کارروائی کے دوران گودام کے مالک عثمان رضا اور ملازم احسن کو موقع سے گرفتار کر لیا گیا جبکہ بڑی مقدار میں مختلف معروف برانڈز کی خالی پیکنگ بھی قبضے میں لے لی گئی۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق جعلی مصنوعات چھوٹی عید کے موقع پر فروخت کے لیے تیار کی جا رہی تھیں۔حکام کے مطابق پولیس نے دونوں ملزمان کے خلاف قانونی کارروائی شروع کر دی ہے جبکہ برآمد ہونے والا تمام جعلی مال قبضے میں لے لیا گیا ہے ۔