کھڈا مارکیٹ:پارک میں قائم غیر قانونی تعمیرات مسمار
قابضین کو جگہ خالی کرنے کیلئے نوٹس جاری کئے گئے،مقررہ مہلت تک عملدرآمد نہ ہوا
اسلام آباد (خصوصی رپورٹر) اسلام آباد کے ماسٹر پلان کے مطابق سیکٹر G-7کھڈا مارکیٹ کے ساتھ واقع اراضی پبلک پارک کیلئے مختص ہے، جس پر عرصہ دراز سے آٹو ورکشاپس سے وابستہ مکینکس اور ملحقہ کچی آبادی کے مکینوں نے غیر قانونی طور پر قبضہ کر رکھا تھا۔ سی ڈی اے کی جانب سے حالیہ نشاندہی اور تفصیلی سروے کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ مذکورہ پارک کی اراضی پر متعدد غیر قانونی تعمیرات قائم کی جاچکی ہیں۔ اس سلسلے میں تمام غیر قانونی قابضین کو پیشگی نوٹس جاری کرتے ہوئے مقررہ مہلت فراہم کی گئی کہ وہ رضاکارانہ طور پر پارک کی اراضی خالی کر دیں۔
مہلت کی مدت ختم ہونے کے بعد سی ڈی اے نے انتہائی منظم اور پُرامن انداز میں آپریشن کا آغاز کر دیا ہے۔ کارروائی کے دوران اب تک 9غیر قانونی تعمیرات کو مسمار کیا جا چکا ہے جبکہ باقی ماندہ تجاوزات کے خاتمے کیلئے آپریشن آئندہ دنوں میں بھی جاری رکھا جائے گا۔اس آپریشن کا بنیادی مقصد قبضہ مافیا سے پارک کی اراضی واگزار کروا کر اسے اصل حالت میں بحال کرنا ہے تاکہ اسلام آباد کے شہری دوبارہ اس عوامی سہولت سے استفادہ کر سکیں اور انہیں صحت مند اور خوشگوار ماحول میسر آسکے۔