الیکشن کمیشن آزادکشمیر کا اجلاس ،عام انتخابات کی تیاریوں کا جائزہ

 الیکشن کمیشن آزادکشمیر کا اجلاس ،عام انتخابات کی تیاریوں کا جائزہ

پرنٹنگ پریس حکام کی بھی شرکت ،الیکشن مٹیریل پر گفتگو ،تعاون کی یقین دہانی

اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار ) آزاد جموں و کشمیر الیکشن کمیشن کے ممبر سید نظیر الحسن گیلانی کی زیر صدارت کشمیر ہاؤس اسلام آباد میں اجلاس ہوا۔ اجلاس میں سیکرٹری الیکشن کمیشن راجہ شکیل خان سمیت پرنٹنگ پریس کے حکام نے شرکت کی۔اجلاس میں آزاد کشمیر میں ہونے والے آئندہ انتخابات کے انتظامات کے حوالے سے پرنٹنگ اور الیکشن مٹیریل کی تیاری سمیت مختلف امور پر غور کیا گیا۔ ممبر الیکشن کمیشن سید نظیر الحسن گیلانی نے کہا کہ پاکستان اور آزاد کشمیر کے انتخات میں پرنٹنگ پریس آف پاکستان کا ہمیشہ اہم کردار رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس ادارے کی پیشہ ورانہ کارکردگی قابل تحسین رہی ہے اور الیکشن کمیشن کو کبھی اس ادارے سے کسی قسم کی شکایت نہیں رہی۔ ہمیں امید ہے کہ اس مرتبہ بھی پرنٹنگ پریس اپنی بہترین روایت کو برقرار رکھے گا۔ اس بار الیکشن کمیشن کے پاس وقت کم جبکہ کام زیادہ ہے ، اس لیے پرنٹنگ پریس کے مکمل تعاون کی ضرورت ہے ۔ اس موقع پر پرنٹنگ پریس کے حکام نے الیکشن کمیشن کو یقین دلایا کہ انتخابات سے متعلق تمام طباعتی امور بروقت اور اعلیٰ معیار کے مطابق مکمل کیے جائیں گے اور اس سلسلے میں الیکشن کمیشن کے ساتھ مکمل تعاون جاری رکھا جائے گا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں