پنجاب فوڈ اتھارٹی کی کارروائی ،400کلو ممنوعہچائینز سالٹ تلف
گنج منڈی میں گودام پر چھاپہ ، چاولوں کی بوریاں بھی برآمد ،مالک کیخلاف مقدمہ درج
راولپنڈی(نیوزرپورٹر)پنجاب فوڈ اتھارٹی راولپنڈی نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے کبوتر گلی گنج منڈی کے ایک گودام سے بھاری مقدار میں ممنوعہ چائنیز سالٹ برآمد کرکے تلف کر دیا جبکہ گودام مالک کے خلاف مقدمہ درج کروا دیا گیا۔ترجمان کے مطابق راولپنڈی میں کارروائی کے دوران چاولوں کی بوریوں میں چھپا کر رکھا گیا تقریباً 400 کلوگرام ممنوعہ چائنیز سالٹ برآمد کیا گیا جس کی مالیت 6لاکھ 40ہزار روپے سے زائد بتائی جاتی ہے ۔ بڑی مقدار میں چائنیز سالٹ چاولوں کی بوریوں میں چھپا کر رکھا گیا تھا۔
اتھارٹی حکام کا کہنا ہے کہ صوبہ بھر میں چائنیز سالٹ کی خرید و فروخت پر مکمل پابندی عائد ہے اور اس کی ذخیرہ اندوزی یا فروخت کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے ۔ حکام کے مطابق عوام کی صحت کے تحفظ کے لیے ایسی کارروائیاں عیدالفطر سے قبل مزید تیز کر دی گئی ہیں تاکہ غیر معیاری اور مضر صحت اشیاء کی فراہمی کو روکا جا سکے ۔