عید پر زائد کرایہ لینے والے ٹرانسپورٹرز کیخلاف کارروائی کافیصلہ
شہریوں کو محفوظ سفری سہولیات فراہم کرنے کیلئے اقدامات کئے جائیں ،آئی جی موٹر وے پولیس
اسلام آباد (خصوصی رپورٹر) انسپکٹر جنرل نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس سلطان احمد نے عیدالفطر کے موقع پر ملک بھر میں سفر کرنے والے شہریوں کو محفوظ اور آرام دہ سفری سہولیات فراہم کرنے کے لیے خصوصی ہدایات جاری کر دی ہیں۔ ترجمان کے مطابق عیدالفطر کے دنوں میں مسافروں کی بڑی تعداد قومی شاہراہوں اور موٹرویز کے ذریعے آبائی شہروں اور دیہات کا رخ کرتی ہے ، جس کے پیش نظر موٹروے پولیس کی جانب سے خصوصی انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔ آئی جی نے پبلک سروس گاڑیوں کی جانب سے زائد کرایہ وصول کرنے کے خلاف ملک بھر میں خصوصی مہم شروع کرنے کی ہدایت کی ہے۔
اس سلسلے میں موٹرویز اور قومی شاہراہوں پر چلنے والی ٹرانسپورٹ گاڑیوں کی کڑی نگرانی کی جا رہی ہے تاکہ مسافروں سے مقررہ کرایوں سے زیادہ رقم وصول نہ کی جا سکے ۔ انہوں نے کہا ہے کہ عیدالفطر کے دوران زائد کرایہ وصول کرنے اور اوورلوڈنگ کرنے والی پبلک سروس گاڑیوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے موٹروے پولیس کے افسران کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ ٹرانسپورٹ اڈوں اور شاہراہوں پر موثر چیکنگ کو یقینی بنائیں اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کریں۔