اسلام آباد : مہنگائی کیخلاف کریک ڈاؤن تیز، 40 گرانفروش گرفتار ۔ 5 دکانیں سیل

 اسلام آباد : مہنگائی کیخلاف کریک ڈاؤن تیز، 40 گرانفروش گرفتار ۔ 5 دکانیں سیل

پرائس کنٹرول مجسٹریٹس نے مختلف بازاروں میں چھاپے مارے ، دکانداروں سے مجموعی طور پر ایک لاکھ 70 ہزار روپے جرمانہ وصول تمام بازاروں میں پرائس کنٹرول مجسٹریٹس ہر وقت موجود ، شکایات پر فوری ایکشن ،گرانفروشی برداشت نہیں کی جائے گی،ڈپٹی کمشنر

اسلام آباد (خصوصی رپورٹر) رمضان المبارک کے دوران شہریوں کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے قائم کردہ سہولت بازاروں میں ضلعی انتظامیہ نے گرانفروشی کے خلاف کریک ڈاؤن تیز کر دیا ہے ۔ ڈپٹی کمشنر عرفان میمن کی ہدایت پر کارروائی کرتے ہوئے گزشتہ روز پرائس کنٹرول مجسٹریٹس نے مختلف بازاروں میں چھاپے مارے اور 40 گرانفروشوں کو گرفتار کر لیا۔ڈپٹی کمشنر آفس کے مطابق رمضان سہولت بازاروں میں حکومتی مقرر کردہ پرائس لسٹ کی خلاف ورزی کرنے والے تاجروں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔ اس سلسلے میں کارروائی کرتے ہوئے 5 دکانوں کو سیل کر دیا گیا جبکہ مختلف جرمانے عائد کرتے ہوئے مجموعی طور پر ایک لاکھ 70 ہزار روپے بطور جرمانہ وصول کیا گیا۔

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ تمام بازاروں میں پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی ہمہ وقت موجودگی یقینی بنائی گئی ہے ۔ شہریوں کی شکایات پر فی الفور ایکشن لیتے ہوئے کارروائیاں جاری ہیں اور کسی بھی قسم کی گرانفروشی برداشت نہیں کی جائے گی۔شہریوں کی سہولت کے لیے ڈپٹی کمشنر آفس یومیہ بنیادوں پر پرائس لسٹ سوشل میڈیا پر بھی جاری کر رہا ہے تاکہ عوام کو اشیائے خوردونوش کی اصل قیمتوں کے بارے میں آگاہی رہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں