محرم الحرام کے انتظامات کا جائزہ، امن کمیٹی اور علما کرام کیساتھ اجلاس
ضابطہ اخلاق اور ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا، پولیس حکام
راولپنڈی(این این آئی) ایس ڈی پی او سٹی سید اظہر حسن شاہ اور ایس ڈی پی او وارث خان رانا نعیم یسین کی جانب سے محرم الحرام کے سلسلے میں ایک اہم اجلاس منعقد کیا گیا جس میں امن و امان، فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور سکیورٹی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔تفصیلات کے مطابق اجلاس میں ممبران امن کمیٹی، مساجد کے صدور، علما کرام، ایس ایچ او بنی اور دیگر پولیس افسران نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران محرم الحرام کے دوران امن و امان کے قیام، فرقہ وارانہ ہم آہنگی کے فروغ اور ضابطہ اخلاق کی مکمل پابندی کے حوالے سے ضروری ہدایات جاری کی گئیں۔ ایس ڈی پی او سٹی نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران امن و امان کی فضا برقرار رکھنے اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔