زرعی زہروں میں ملاوٹ کیخلاف کارروائی ہوگی، سیکرٹری زراعت
پانی کی ضرورت کے مطابق دستیابی کیلئے محکمہ آبپاشی سے روابط مضبوط کئے جائیں
راولپنڈی (نیوز رپورٹر) سیکرٹری زراعت پنجاب افتخار علی سہو کی زیر صدارت کپاس کی موجودہ صورتحال بارے اجلاس ہوا۔ اجلاس میں ایڈیشنل سیکرٹری (ٹاسک فورس) پنجاب شبیر احمد، ڈائریکٹر جنرلز زراعت چودھری عبدالحمید اور نوید عصمت کاہلوں سمیت دیگر افسران شریک ہوئے جبکہ ڈاکٹر انجم علی، ڈائریکٹر جنرل ریسرچ، پیسٹ وارننگ اور ڈائریکٹر زراعت (توسیع) نے آن لائن شرکت کی۔ سیکرٹری زراعت نے کہا کہ فیلڈ رپورٹس کے مطابق پنجاب میں کپاس کی موجودہ صورتحال شاندار ہے۔
انہوں نے ہدایت کی کہ پانی کی ضرورت کے مطابق دستیابی کیلئے محکمہ آبپاشی سے روابط مضبوط کئے جائیں، انہوں نے کہا کہ کپاس کی مینجمنٹ بارے رہنمائی کیلئے فیلڈ فارمیشنز بہترین پیشہ وارانہ صلاحیتیں بروئے کار لائیں ۔اور علاقے و کپاس کے مراحل کے مطابق ایڈوائزری جاری کی جائے۔ سیکرٹری زراعت پنجاب نے مزید ہدایت کی کہ مارکیٹوں میں کھادوں کی مقرر کردہ قیمتوں پر دستیابی یقینی بنانے کیلئے مانیٹرنگ کی جائے، زرعی زہروں میں ملاوٹ کے مکروہ دھندے میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں کی جائیں۔