جشن آزادی پر اندرون سندھ خصوصی تقاریب,ریلیاں نکالی گئیں

جشن آزادی پر اندرون سندھ خصوصی تقاریب,ریلیاں نکالی گئیں

تقریبات کا آغاز پرچم کشائی سے کیا گیا،کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے طور پر منائے جانے والے یوم آزادی میں عالمی اداروں سے کشمیر سے بھارتی قبضہ ختم کرانے کی اپیلیں حیدرآبادمیں قائد اعظم محمد علی جناح کے مجسمے کا افتتاح،سکھرمیں اقلیتی برادری کا بھارت کیخلاف مظاہرہ،کیک کاٹے گئے ، مٹھائیاں تقسیم ،اسکولوں کے بچوں نے ٹیبلوزپیش کیے

حیدرآباد،اندرون سندھ(نمائندگان دنیا) پاکستان کے 72ویں یوم آزادی کے سلسلے میں حیدرآباد سمیت اندرون سندھ مختلف شہروں میں خصوصی تقریبات کا اہتمام کیا گیا اور ریلیاں نکالی گئیں۔اس موقع پر ریلیوں میں شریک افراد نے قومی پرچم کے ہمراہ سڑکوں پر گشت کیا، پاکستان زندہ باد کے نعرے لگائے اور کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیا۔ حیدرآباد میں جشن آزادی کی مرکزی تقریب ضلع ناظم سیکریٹریٹ میں منعقد کی گئی ۔ تقریب میں کمشنر عباس بلوچ ، ڈپٹی کمشنر اعجاز شاہ ، ایڈیشنل آئی جی ولی اللہ دل اور ڈی آئی جی نعیم شیخ سمیت شہریوں نے بڑی تعداد میں شرکت کرکے ملک کی آزادی کا جشن منایا ، تقریب میں پرچم کشائی کے بعد ملی نغموں کی دھن پر فن کا شاندار مظاہرہ کیا گیا اور سرکاری اسکول کے بچوں نے ٹیبلوز اورملی نغمے پیش کیے ۔ کمشنر حیدرآباد محمد عباس بلوچ نے کہا کہ جشن آزادی کا یہ دن کشمیریوں کے ساتھ یکجہتی کے اظہار کے طور پر منایا جار ہا ہے ہم عالمی اداروں سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ کشمیر کو بھارت کے قبضے سے چھڑوانے کیلئے اپنا کردار ادا کریں ۔ بعدازاں ڈپٹی کمشنر کے دفتر میں قائد اعظم محمد علی جناح کے مجسمے کا افتتاح اے آئی جی ڈاکٹر ولی اللہ دل اور کمشنر حیدرآباد محمد عباس بلوچ نے کیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر ایس ایس پی سرفراز نواز شیخ و دیگر عمائدین بھی شریک تھے ۔دوسری طرف دن بھر شہربھر میں جشن آزادی کے ساتھ کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کی تقریبات کا سلسلہ جاری رہا ۔پولیس کی جانب سے ایس ایس پی حیدرآباد سرفراز نواز شیخ اوردیگر افسران کی سربراہی میں بڑی ریلی نکالی گئی ۔ریلیوں کا سلسلہ رات گئے تک جاری رہا ۔ لیاقت یونیورسٹی اسپتال حیدرآباد وجا مشورو میں وطن عزیز کا 72واں جشن آزادی یکجہتی کشمیر کے طور پر ملی جوش و خروش سے منایاگیا، اس حوالے سے سول اسپتال حیدرآباد میں ایک تقریب منعقد کی گئی،تقریب کا آغاز تلاوت اور حمد و نعت سے کیا گیا جبکہ تقریب سے قبل قومی ترانہ پڑھا گیا اور پرچم کشائی کے بعد کیک کاٹاگیا ا ور شرکاء میں مٹھائی تقسیم کی گئی۔ تقریب کے اختتام پر اسپتال کی جانب سے مختلف وارڈوں میں زیر علاج مریضوں میں جوس ،فروٹ اور مٹھائی پر مشتمل لنچ باکس جبکہ بچہ وارڈ میں زیر علاج بچوں میں کھلونے تقسیم کئے گئے ۔آئی جی موٹروے پولیس اے ڈی خواجہ، ایڈیشنل آئی جی سائوتھ زون خالد محمود اور ڈی آئی جی سائوتھ زون ڈاکٹر مسرور عالم کولاچی کی ہدایات پر ایس پی موٹر وے پولیس حیدرآباد اجمل خان کھوسو نے پرچم کشائی کی، اس موقع پر یوم آزادی کا کیک بھی کاٹا گیا۔ سکھر میں بھی جشن آزادی نہایت جوش وجذبے کیساتھ منایا گیا اور مذہبی ، سیاسی و سماجی تنظیموں کی جانب سے ریلیوں کا انعقاد کیا گیا۔مختلف جماعتوں سمیت مختلف این جی اوز کے زیر اہتمام ریلیاں نکالی گئیں ، سکھر میں جشن آزادی کی مرکزی تقریب جناح میونسپل اسٹیڈیم میں منعقد ہوئی۔ تقریب کے مہمان خاص کمشنر سکھر ڈویژن شفیق احمد مہیسر ، ڈپٹی کمشنر سکھرغلام مرتضیٰ شیخ ، ضلع کونسل کے چیئرمین سردار میر تقی خان دھاریجو ، میئر سکھر ارسلان اسلام شیخ,رکن قومی اسمبلی نعمان اسلام شیخ ، ایس ایس پی عرفان علی سموں ڈپٹی میئر طارق چوہان نے پرچم کشائی کی۔ اس موقع پر سفیدکبوتر ہوا میں چھوڑے گئے جبکہ اسکول کے طلباء اور پولیس کے دستے نے سلامی پیش کی ، اسی طرح یو جی ایم سی میڈیکل کالج سکھر کے زیر اہتمام جشن آزادی کی پر وقار تقریب منعقد ہوئی ۔تحریک انصاف ضلع سکھر کے زیر اہتمام کارکنان کی بڑی تعداد نے پی ٹی آئی کے رہنما مبین احمد جتوئی کی قیادت میں ملٹری روڈ سکھر سے جشن آزادی ریلی نکالی ، سکھر اسمال ٹریڈرز کی جانب سے صدر حاجی میمن کی رہائش گاہ بندر روڈ سے پاک فوج زندہ باد پاکستان زندہ باد ریلی نکالی گئی اور جشن آزادی کا کیک کاٹا گیا۔اسی طرح سکھر کے سرکاری و غیر سرکاری تعلیمی اداروں میں بھی چھوٹی بڑی تقریبات منعقد ہوئیں جن میں اسکول کے طلبہ و طالبات سمیت اساتذہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔ کشمیر میں بھارت کی جانب سے کشمیریوں پر ظلم و زیادتی کے خلاف سکھر کی اقلیتی برادری کی بڑی تعداد نے بھارت مخالف پلے کارڈ اٹھا کرریلی نکالی جس کی قیادت اقلیتی برادری کے رہنما مکھی ایشور لعل، دیوان چند چائولہ و دیگرکر رہے تھے ۔ محکمہ اوقاف سندھ سکھر کے زیر اہتمام جشن آزادی اور کشمیری مسلمان بھائیوں سے اظہار یکجہتی کے سلسلے میں میر معصوم شا ہ مینار سکھر میں دعائیہ تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں محکمہ اوقاف سکھر کے منیجر شبیر احمد بروہی ، مولانا محمد افضل حسینی ، مولانا غلام محی الدین ، قاری عبدالوحید ، مولانا بشیر احمد و دیگر علماء کرام سمیت معززین کی کثیر تعداد نے شرکت کی ۔ میرپورخاص میں بھی جشن آزادی کی تقریبات جوش و خروش اورقومی جذبے سے منائی گئیں جس کی مرکزی تقریب کمشنر کمپلیکس میں منعقد ہوئی۔ تقریب کے مہمان خصوصی صوبائی وزیر خوراک و اقلیتی امور ہری رام کشوری لعل تھے ۔ تقریب کا آغاز پرچم کشائی سے ہوا۔ پولیس کے چاق چوبند دستے نے گارڈ آف آنر و سلامی پیش کی۔ بعد میں مختلف سرکاری ونجی اسکولوں کے بچوں نے وطن سے محبت کے اظہار کے موضوع پر ملی نغمے ،تقاریراو رٹیبلوز پیش کئے ۔ اس موقع پر صوبائی وزیر ہری رام کشوری لعل نے تقریب میں حصہ لینے والے ہر اسکول کو پانچ پانچ ہزارروپے دینے کا اعلان کیا جبکہ ڈپٹی کمشنر میرپورخاص نے ٹیبلو پیش کرنے والے بچوں کو دس دس ہزاراور تقاریر کرنے والے بچوں کوپانچ پانچ ہزار روپے دینے کا اعلان کیا ۔بعد ازاں مختلف اسکولوں کی جانب سے کشمیر کے حق میں محترمہ شہید بینظیر بھٹو گورنمنٹ گرلز ہائر سیکنڈری اسکول سے میرپورخاص پریس کلب تک ریلی نکالی گئی۔ دوسری جانب میرپورخاص پریس کلب کی جانب سے پاکستان کے جشن آزادی کی پر وقار تقریب منعقد کی گئی، صوبائی وزیر برائے اقلیتی امور ہری رام کشوری لعل،ڈپٹی کمشنر سید مہدی علی شاہ،ایس ایس پی جاوید بلوچ،صدر پریس کلب راشد سلیم اور دیگر نے کیک کاٹا ۔ جھڈو میں یوم آزادی قومی جذبے اور یکجہتی کشمیر کے تحت منایا گیا۔ پرچم کشائی کی مرکزی تقریب ٹاؤن کمیٹی جھڈو میں منعقد کی گئی جس میں چیئرمین اسلم خان قائم خانی، وائس چیئرمین میر کامران خان تالپور اور حزب اقتدار کے کونسلروں، پیپلزپارٹی جھڈو کے صدر میر عرفان تالپور، اسسٹنٹ کمشنر آصف علی خاصخیلی اور ڈی ایس پی جھڈو نے شرکت کی۔سات بجکر58 منٹ پر قومی پرچم لہرایا گیا اور گل پاشی کی گئی۔ جھڈو پولیس کے دستے نے قومی پرچم کو سلامی پیش کی اور قومی ترانہ بجایا گیا۔ اسکے بعد پاکستان زندہ باداور کشمیر بنے گا پاکستان کے نعرے لگائے گئے جس کے بعد تقریب میں کیک کاٹا گیا ۔ اس موقع پر راشد منہاس اسکول کے بچوں نے ملی نغمے پر اپنی پرفارمنس پیش کی ۔ نوڈیرو میں یوم جشن آزادی جوش اور جذبے کے ساتھ منایا گیا ۔ اس سلسلے میں میونسپل کمیٹی کے چیئرمین اللہ ڈنو بھٹو اور انکے ساتھ وائس چیئرمین سکندر علی کٹپر، شاہ لطیف لوکل ایمپلائز صوبہ سندھ کے صدر حافظ مشتاق احمد کوریجو ، کونسلر منظور خاصخیلی، کونسلر محمد عیسیٰ کھوڑو اور دیگر نے میونسپل کمیٹی کے اندر پرچم کشائی کی۔ اس موقع پر میونسپل ہال میں کشمیریوں کی آزادی اور پاکستان کے یوم آزادی کے سلسلے میں تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں بڑی تعداد میں شہریوں نے شرکت کرکے پاکستان سے حب الوطنی کا اظہار کیا ۔ تقریب سے خطاب میں مقررین نے پاکستان کی آزادی کیلئے جانوں کے نذرانے پیش کرنے والے شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا ۔شہریوں کی جانب سے شاندار ریلی نکالی گئی جس میں شہر کے نوجوانوں نے ہاتھوں میں پاکستانی پرچم لیکر نوڈیرو کے اللہ والے چوک سے شہر کے مختلف راستوں پر گشت کیا۔ سانگھڑ میں جشن آزادی کی مرکزی تقریب کا انعقاد ڈپٹی کمشنر آفس میں کیا گیا اس موقع پر ایس ایس پی سانگھڑ ذیشان شفیق صدیقی کا کہنا تھا کہ آج کا دن انتہائی اہمیت کا حامل ہے پوری قوم جشن آزادی منا رہی ہے ۔ہم بھارت کی جانب سے کشمیر میں جارجیت کی پرزور مذمت کرتے ہیں اکیس کروڑ پاکستانی عوام کشمیریوں کے ساتھ کھڑے ہیں ۔اس موقع پر ڈی سانگھڑ نثار احمد میمن نے شہریوں کو مبارکباد دی۔تقریب سے چیئرمین خادم حسین رند نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر کی آزادی تک جدو جہد جاری رہے گی ۔تقریب میں چیمبر آف کامرس کے صدر ماسٹر شیر محمد، حاجی یامین قریشی، ڈی ای او یار محمد بالادی، سول سرجن ڈاکٹر اکبر کمبھر اور شہریوں کی کثیر تعداد موجود تھی۔ پیپلزپارٹی کے ٹکٹ ہولڈر معشوق چانڈیو کی قیادت میں چانڈیو ہاؤس سے جشن آزادی ریلی نکالی گئی۔ ریلی میں ضلعی صدر علی حسن ہنگورجو، جنرل سیکریٹری جہانگیر جونیجو، صوبائی صدر یوتھ نایاب لغاری ،ساجد جعفری اور دیگر شامل تھے ۔ ٹنڈوآدم میں بھی کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لئے مختلف اسکولوں کے طلبہ و طالبات سمیت پی ٹی آئی رہنمائوں کی جانب سے ریلی نکالی گئی ۔ تعلقہ ایجو کیشن آفیسر رفیق بجورو ،ہیڈ ماسٹر سومار چاکرانی کالج پرنسپل یامین آرائیں، دی سٹی گرامر ہائر سیکنڈری اسکول کے اشفاق بیگ کی قیادت میں مختلف اسکولوں اور کالجوں کے اساتذہ اور طلبا نے پریس کلب تک ریلی نکالی جس میں شرکاء نے ہاتھوں میں بینرز اور قومی پرچم اٹھاکر کشمیر بنے گا پاکستان اور بھارت مردہ باد کے نعرے بلند کیے ۔علاوہ ازیں پی ٹی آئی کی رہنما دیبا سحر نے بھی کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لئے ریلی نکالی ۔بلدیہ ٹنڈوآدم میں یوم آزادی کے موقع پر پرچم کشائی کے حوالے سے رنگارنگ تقریب کا انعقاد کیا گیا،تقریب میں چیئرمین بلدیہ ٹنڈوآدم مسرور احسن غوری، اسسٹنٹ کمشنر اعجاز جتوئی، سی ایم او محمد ابراہیم عمرانی، تعلیمی افسران محمد رفیق بجورو، گلزار خاصخیلی ، محمد بخش لاشاری، سابق تعلقہ نائب ناظم شیخ لیاقت علی، کونسلرزدیگر سیاسی، سماجی شخصیات اور صحافیوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔اس موقع پر سٹی اسکول کے اسکاؤٹس کے دستے نے سلامی دی۔ بعد ازاں مختلف اسکولز کے بچوں نے ملی نغمے پیش کئے اور تقاریر کیں ۔ علاوہ ازیں اسسٹنٹ کمشنر ٹنڈوآدم اعجاز جتوئی، چیئرمین بلدیہ ٹنڈوآدم مسرور احسن غوری اور سی ایم او ابراہیم عمرانی نے سب جیل ٹنڈوآدم میں قیدیوں اور تعلقہ اسپتال ٹنڈوآدم میں مریضوں میں مٹھائی تقسیم کی اور اے سی آفس کے لان میں پودا لگایا ۔ ضلع شہیدبینظیرآباد میں بھی جشن آزادی بڑے جوش وجذبے اور کشمیری بھائیوں کے ساتھ یکجہتی کے طور پر منایا گیا۔ اس سلسلے میں ایک بڑی تقریب ڈپٹی کمشنر آفس میں منعقد ہوئی ۔ جشن آزادی کی تقریبات کا آغاز پولیس کے عملے نے سائرن بجا کرکیا۔ اس سے قبل صبح 8 بج کر 55 منٹ پر رکن صوبائی اسمبلی و چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی غلام قادر چانڈیو،کمشنر شہید بینظیر آباد سید محسن علی شاہ،ڈی آئی جی مظہر نواز شیخ،ڈپٹی کمشنر شہیدبینظیرآباد ابرار احمد جعفر، چیئرمین ضلع کونسل سردار جام تماچی انڑ اور دیگر افسران نے پرچم کشائی کی اور قومی پرچم کو سلامی پیش کی۔اس موقع پر پولیس کے جوانوں نے پریڈ اور گارڈ آف آنر کا مظاہرہ کیا۔ بعد ازاں ایم پی اے غلام قادر چانڈیو،کمشنر سید محسن علی شاہ، ڈپٹی کمشنر ابرار احمد جعفر کی سربراہی میں کشمیریوں سے یکجہتی کے لئے ڈپٹی کمشنر آفس سے پریس کلب تک ریلی نکالی گئی۔ ٹنڈومحمد خان میں جشن آزادی کی تقریبات شایان شان انداز میں منائی گئیں۔ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جشن آزادی کی رات پریس کلب کے سامنے شاندار آتش بازی کا مظاہرہ کیا گیا جس میں سینیٹر ڈاکٹر کر یم خواجہ ، ایم اپی اے سید اعجاز شاہ بخاری ، ایم پی اے عبدالکریم سومر و ، ڈسٹرکٹ چیئرمین سید ذیشان شاہ ، سٹی چیئرمین سید شاہ نو از شاہ ، ڈپٹی کمشنر یا سر بھٹی ودیگر نے شرکت کی ، ضلعی انتظامیہ کی جانب سے انڈس میڈ یکل کا لج میں جشن آزادی کی تقریب منعقد کی گئی اور پرچم کشائی کی گئی، ایس ایس پی آفس میں ایک تقریب منعقد کی گئی اور ایس ایس پی میر ذوالفقار تالپور کی قیادت میں ریلی نکالی گئی۔ ایس ایس پی آفس میں پرچم کشائی بھی کی گئی جبکہ ہندو ٹھاکر برادری کی جانب سے رائے سنگھ ٹھاکر کی قیادت میں گا ئو ں بھو رو ٹھاکر سے ایک ریلی نکالی گئی جس میں ہند و برادری کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔ گھوٹکی میں پاکستان کاجشن آزادی کشمیریوں سے یکجہتی کے طور پر قومی جوش و جذبے سے منایا گیا، ضلعی انتظامیہ کی جانب سے مرکزی تقریب سرکٹ ہائوس میرپور ماتھیلو میں منعقد کی گئی جبکہ ضلع کے چھوٹے بڑے شہروں میں بھی رنگا رنگ تقاریب منعقد ہوئیں۔ مرکزی تقریب کا آغاز قومی و کشمیری پرچم کشائی، سلامی اور ملکی سلامتی و خوشحالی کی دعائیں مانگ کر اور پودے لگاکر کیا گیا ۔تقریب میں ڈی سی گھوٹکی لیفٹیننٹ ریٹائرڈ محمد خالد سلیم، ایس ایس گھوٹکی ڈاکٹر فرخ لنجار اور رینجرز میرپور ماتھیلو کے ونگ کمانڈر لیفٹیننٹ کرنل محمد جنید سمیت بڑی تعداد میں شہریوں نے شرکت کی ۔ میرپورماتھیلو سے نمائندے کے مطابق اس موقع پر ڈی سی گھوٹکی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملک کی سلامتی و خوشحالی کی خاطر پوری قوم متحد ہے ۔جب بھی وطن عزیز کو ہماری ضرورت پڑے گی ہم اپنے خون کا آخری قطرہ دینے سے بھی گریز نہیں کریں گے ۔کشمیر کی آزادی کے لئے پاکستانی قوم کے حوصلے بلند ہیں۔ انشاء اﷲ ایک دن ظلم کا خاتمہ ضرور ہوگا اور کشمیر پاکستان بنے گا۔ تقریب میں مختلف کالجز اور اسکولوں کے طلبہ و طالبات نے ملکی سلامتی، قومی اتحاد، حب الوطنی اور کشمیر یوںسے یکجہتی کی مناسبت سے تقاریر، ملی نغمے اور ٹیبلوز پیش کیے ۔ اس موقع پر ضلعی انتظامیہ کی جانب سے تقریب میں حصہ لینے والے طلبہ و طالبات میں کیش پرائز، ٹرافیاں اور شیلڈز تقسیم کی گئیں۔ پنوعا قل میں پا کستان کا یوم آزادی جوش و خروش کے ساتھ منا یا گیا ۔شہر کی دکا نو ں اور چوراہوں کو سبزہلالی پرچموں کے ساتھ سجا یا گیا۔ بچے ،بوڑھے اور جوان سب جوش میں نظر آئے ۔ اسکولوں میں بھی جشن آزادی کے پروگرام منعقد کئے گئے ۔ طلباء نے ٹیبلو پیش کئے اور مقررین نے اپنی تقاریر میں آزادی کی اہمیت پر رو شنی ڈا لی۔ مختلف مذہبی اور سیا سی تنظیموں کی جا نب سے ریلیوں کا انعقاد کیا گیا جو پریس کلب پر اختتام پذیر ہو ئیں۔ مقامی ہو ٹل میں کو نسلر ارشاد سومرو کی جانب سے جشن آزادی کا پروگرام منعقد کیا گیا جس کے مہمان خصوصی پا کستان پیپلزپارٹی کے رہنماء سید خو ر شید احمد شاہ اور ڈا کٹر آفتاب احمد سومروتھے ۔ تقریب میں میاں عبدالقوی انڈھڑ، یا سین انڈ ھڑ و دیگر موجود تھے ۔ تقریب میں پرچم کشائی کی گئی اور ملک کی سلامتی اور خو شحالی کے لئے دعا کی گئی۔ ٹنڈوالہ یار میں بھی جشن آزادی انتہائی جوش وخروش اور کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے طور پر منایا گیا ، جشن آزادی کی مرکزی تقریب ضلعی سیکریٹریٹ میں منعقد ہوئی ، تقریب میں ڈپٹی کمشنر رشید احمد زرداری ، ضلعی چیئرمین مخدوم علی محمد ولھاری ، ایم سی چیئرمین سید امداد علی شاہ رضوی ، وائس چیئرمین شاہد جعفر قائم خانی ، اصغر بروہی ، جاوید جمن لوند سمیت تمام محکموں کے افسران ، سرکاری اور غیر سرکاری اسکولوں کے اساتذہ ،طلبہ و طالبات بڑی تعداد میں شریک تھے ، ڈپٹی کمشنر رشید احمد زرداری نے دیگر کے ہمراہ سبز ہلالی اور کشمیری پرچم مشترکہ طور پر لہرائے ، پولیس کے چاق و چوبند دستے نے سلامی پیش کی ، جشن آزادی کی خوشی میں مختلف اسکولوں کے بچوں نے کشمیریوں پر ہونے والے ظلم و ستم کی ٹیبلوز کے ذریعے عکاسی کی ، ملی نغموں ، ٹیبلوز اور تقاریر کے مقابلے ہوئے جن میں نمایاں کردار اداکرنے والے بچوں کو نقد انعامات اور تعریفی اسناد دی گئیں۔ضلعی انتظامیہ کی جانب سے میٹرک کے امتحانات میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے طلبا کو شیلڈز ، تعریفی اسناد اور نقد رقم دی گئی ، بعد ازاں اسپتال کے مریضوں اور سب جیل کے قیدیوں میں مٹھائی اور پھل تقسیم کئے گئے ، تھرپارکر میں جشن آزادی کی مرکزی تقریب مٹھی ہیڈ کوارٹر میں صادق فقیر چوک پر منعقد کی گئی جہاں پرچم کشائی کی گئی ۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر مہیش کمار ملانی نے کہا کہ ہمیں قائد اعظم محمد علی جناح پر فخر ہے جنہوں نے ہمیں آزادی دلائی ، 14اگست عید کی خوشیوں کے مانند ہے مگر آج ہم یہ دن سادگی کے ساتھ مناکر کشمیری عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں اور یقین دلاتے ہیں کہ پاکستان کا ہر فرد کشمیری عوام کے ساتھ ہے ۔انہوں نے اپنی جانب سے طلبہ کی حوصلہ افزائی کرنے کیلئے 10ہزار روپے انعام دینے کا اعلان کیا۔ اس موقع پر ممبر صوبائی اسمبلی قاسم سراج سومرو ،ڈپٹی کمشنر تھرپارکر ڈاکٹر طاہر تھیم اور ایس ایس پی تھرپارکر عبداللہ احمد نے بھی خطاب کیا ۔تقریب میں مختلف اسکولوں کے طلبا نے تقاریراور ملی نغمے پیش کئے ۔ کندھ کوٹ میں جشن آزادی کی اہم تقریب اسپورٹس کمپلیکس میں منعقد کی گئی جہاں پر کشمیریوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار بھی کیا گیا۔ تقریب میں ڈپٹی کمشنر منور علی مٹھیانی ،رینجرز کے ونگ کمانڈر کرنل عامر اقبال امن کمیٹی کے ضلعی چیئرمین رحمت اللہ چنا احمد کھوسو سمیت مختلف سرکاری محکموں کے افسران نجی و سرکاری اسکولوں کے طلبہ و طالبات اور سیکڑوں شہریوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی ، ڈپٹی کمشنر منور علی مٹھیانی اور دیگر افسران نے پرچم کشائی کی اور سلامی پیش کی، جبکہ رینجرز اور پولیس کے دستوں نے گارڈ آف آنر پیش کیا، اس موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے ۔تین دن سے مسلسل ضلع بھر میں جشن آزادی کی ریلیاں نکالی جارہی ہیں جن میں ہندو برادری کی جانب سے بھی بھرپور شرکت کی گئی۔ دوسری جانب گزشتہ رات اسپورٹس کمپلیکس میں جشن آزادی کا کیک کاٹا گیا اور بھرپور آتش بازی کا مظاہرہ کیا گیا۔ گمبٹ میں بھی جشن آزادی مختلف مذہبی سیاسی اور سماجی تنظیموں کی جانب سے کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے طور پر منایا گیا۔ ہاتھوں میں کشمیر اور پاکستان کے جھنڈے اٹھا کر اور کشمیر بنے گا پاکستان، پاک فوج زندہ باد کے جوشیلے نعرے لگاتے ہوئے نوجوانوں نے گمبٹ کے مختلف علاقوں سے کاروں اور موٹرسائیکلوں پر پاکستان زندہ باد ریلیاں نکالیں ۔ میہڑ میں جشن آزادی اور کشمیریوں سے یکجہتی کیلئے 10 سے زائدتنظیموں اور تعلیمی اداروں کی جانب سے ریلیاں نکالی گئیں اورتقاریب منعقد ہوئیں۔ پی ٹی آئی کی جانب سے سندھ کے سینئر نائب صدرصداقت علی جتوئی،سردار مظہر جھتیال،سردار شیر افضل جانوری،نیاز علی برڑو،ڈاکٹر غلام عباس مہیسر،اوشاق جانوری اور دیگر کی رہنمائی میں بیٹو جتوئی سے ریلی نکالی گئی ۔ڈی ایس پی میہڑ غلام سرور پنہور اورایس ایچ اور علی اکبر چنہ کی رہنمائی میں پولیس موبائیلوں کے ساتھ ریلی نکالی گئی جو شہر کے راستوں کا گشت کرنے کے بعد میہڑ تھانے پر اختتام پذیر ہوئی ۔گورنمنٹ ہائی اسکول ون میں ہیڈ ماسٹر مولابخش اور دیگر اساتذہ کی رہنمائی میں تقریب ہوئی ۔ دریں اثنا سابق وزیراعلیٰ اور پی ٹی آئی کے مرکزی رہنمالیاقت علی جتوئی نے سابق سینیٹر اور پی ٹی آئی سندھ کے سینئر نائب صدرصداقت علی جتوئی کے ساتھ برڑا رائس ملز پر پی ٹی آئی ضلع دادو کے رہنمانیاز علی برڑوکی جانب سے دی گئی چائے پارٹی ، جشن آزادی اور کشمیریوں سے یکجہتی ریلی میں اور میہڑ و خیرپورناتھن شاہ کے پارٹی رہنمائوں اورورکرزکے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر پاکستان کا حصہ ہے ۔ مودی سرکار دھمکیاں دینا بند کرے ۔کشمیریوں سے ظلم کبھی برداشت نہیں کیا جائے گا۔ روہڑی اور گردونواح میں جشن آزادی اور یوم یکجہتی کشمیر جوش جذبے کیساتھ منایا گیا۔ پاکستان اور کشمیر کے جھنڈوں کی پرچم کشائی اور کیک کاٹنے کی تقاریب کا سلسلہ رات بھر جاری رہا جن میں کشمیریوں کے حق میں زبردست نعرے بازی کی گئی۔ اس ضمن میں میونسپل کمیٹی روہڑی کے زیر اہتمام 13 اگست کی شب نیوی پارک میں جیوے جیوے پاکستان اور یوم یکجہتی کشمیر شو کا انعقاد کیا گیاجس میں رکن قومی اسمبلی نعمان اسلام شیخ ، رکن ضلع کونسل سید کمیل حیدر شاہ ، چیئر مین ضلع کونسل تقی خان دھاریجو ، میونسپل کمیٹی روہڑی کے چیئرمین شکیل عمر ،ڈپٹی کمشنر سکھر غلام مرتضی شیخ ،ایس ایس پی سکھر عرفان سمعوں ودیگر نے شرکت کی۔ رات کے بارہ بجتے ہی پرچم کشائی کر کے آتش بازی کا شاندار مظاہرہ کیا اور کیک کاٹا گیا ۔تقریب کے دوران ملک کی سلامتی، استحکام ،ترقی ،خوشحالی،امن و امان کے قیام اورکشمیر کی آزادی کے لیے خصوصی دعائیں کروائی گئیں۔ قبل ازیں مختلف اسکول کے طلباء نے ملی نغموں پر ٹیبلوز پیش کیے اور مقامی فنکاروں نے ملی نغمے سنا کر عوام کے لہو کو گرمایا ۔ دوسری تقریب علی واہن ملٹری محلہ میں 13 اگست کی شب بسم اللہ سوشل ویلفیئر ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام گلو کار اقبال لتا نے منعقد کروائی ۔تقریب میں بچوں نے ملی نغمے پیش کیے اور تقاریر کیں۔ روہڑی سنگرار ،کندھرا ،صالح پٹ سمیت دیگر علاقوں کے سرکاری ونجی اسکولوں میں بھی جشن آزادی اور یوم یکجہتی کشمیر کی تقا ر یب کا انعقاد ہوا۔ ہیومن رائٹس پروٹیکشن فورم پاکستان ضلع سکھر کی جانب سے جشن آزادی اور کشمیری بھائیوں کے ساتھ یکجہتی کے طور پر صوبائی سیکریٹریٹ سے پریس کلب تک ریلی نکالی گئی ۔ ڈگری میں یوم آزادی کے موقع پر مرکزی تقریب ڈگری ٹائون کمیٹی میں منعقد ہوئی۔ ایم پی اے میر طارق تالپور، سابق ایم پی اے میر حاجی محمد حیات خان تالپور،ڈگری ٹائون کمیٹی کے چیئرمین ڈاکٹر میر ذوالفقار علی تالپور،وائس چیئرمین بابو محمد حنیف آرائیں،اسسٹنٹ کمشز نثار احمد میمن اور دیگر نے قومی پرچم لہرایا۔ ڈگری پولیس کے سب انسپکٹر عارف جروار کی قیادت میں پولیس کے چاق و چوبند دستے نے قومی پرچم کو سلامی دی۔ بعد ازاں چیئرمین ٹاؤن کمیٹی ڈگری میر ذوالفقار علی تالپور اور اسسٹنٹ کمشنر ڈگری نے تعلقہ اسپتال ڈگری میں مریضوں میں جوس مٹھائی اور فروٹ تقسیم کیے ـ۔ علاوہ ازیں یونین کونسل کنگورو میں چیئرمین حاجی خالد محمود آرائیں نے قومی پرچم لہرایا جبکہ ٹاؤن کمیٹی ٹنڈوجان محمد میں قومی پرچم لہرانے کی تقریب ٹاؤن کمیٹی ٹنڈوجان محمد میں منعقد ہوئی ۔علاوہ ازیں ڈگری میں آج بھارت کے یوم آزادی کے دن کو یوم سیاہ کے طور پر منایا جارہا ہے ۔ ـ ٹاؤن کونسل ڈگری آج پریس کلب کے سامنے احتجاج ریکارڈ کرائے گی جبکہ دیگر سیاسی و سماجی تنظیمیں مودی کے خلاف اور کشمیریوں کے ساتھ یکجہتی کے لیے مختلف ریلیاں نکالیں گی ۔اس حوالے سے ـ مرکزی محمدی چوک پر سیاہ پرچم اور مذمتی بینرز آویزاں کردیے گئے ہیں۔ ـکنڈیارو میں ٹائون آفس میں پرچم کشائی سے جشن آزادی کا آغاز کیا گیا۔ کنڈیارو ٹائون چیئرمین سید غلام مرتضیٰ شاہ اور اسسٹنٹ کمشنر نعیم سہتو نے پرچم کشائی کی۔اس موقع پر ملک کی ترقی اور کشمیری بھائیوں کی آزادی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔مختلف پارٹیوں کی جانب سے ریلیاں بھی نکالی گئیں۔ محراب پور سے نمائندے کے مطابق ملک بھر کی طرح نوشہروفیروز اور محراب پورمیں بھی جشن آزادی کا دن وطن کی محبت اور کشمیریوں سے یکجہتی کے طور پر منایا گیا۔ ضلع بھر کے چھوٹے بڑے شہر سبز ہلالی پرچموں سے سجے رہے ، نوشہروفیروز کے کمیونٹی ہال میں پرچم کشائی کی مرکزی تقریب میں ڈپٹی کمشنر نوشہروفیروز کیپٹن (ر) راؤ بلال شاہد نے پرچم کشائی کی جسے سندھ پولیس کے دستے اور اسکاؤٹس نے سلامی پیش کی۔ اس تقریب میں ایس ایس پی نوشہروفیروز کیپٹن (ر) طارق ولایت، ، ایڈیشنل ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر سید علی احمد شاہ، چیئرمین ٹاؤن کمیٹی پیر خالد سیف اللہ سہروردی و دیگر ضلعی افسران کی شرکت کی، محراب پور میں وائس چیئرمین جاوید میمن، کونسلر کامران خان لودھی،ٹائون آفیسرالٰہی بخش سیال نے پرچم کشائی کی۔ اس موقع پر مختلف اسکولز و کالجز کے طلبہ وطالبات نے تقاریر، ملی نغمے اور ٹیبلوز پیش کیے ، موٹروے پولیس کنڈیارو کے زیراہتمام جشن آزادی کی تقریبات جوش و خروش سے منائی گئیں، سیکٹر کمانڈر سجاد حسین بھٹی کی زیر نگرانی کنڈیارو موٹروے پولیس نے جشن آزادی اور کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لئے مختلف پروگرام ترتیب دیے ۔ڈی ایس پی راشد علی شاہ نے ایڈمن آفیسر عبدالرشید سہتوو اور دیگر افسران کیساتھ ملکر قرآن خوانی کروائی، قومی پرچم کو سلامی دیکر سالگرہ کا کیک کاٹا،قومی شاہراہ پر فلیگ مارچ کیا اورڈرائیورز ومسافروں میں تحائف تقسیم کئے ۔ پڈعیدن میں جشن آزادی شایان شان طریقے سے منایا گیا۔ دن کا آغاز نماز فجر کے بعد ملکی سلامتی کے لئے خصوصی دعائوں سے کیا گیا۔مرکزی ریلی نصرت کینال پل سے پڈعیدن کے مختلف راستوں سے ہوتی ہوئی پڈعیدن ٹائون تک نکالی گئی۔ شرکائے ریلی نے کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لئے آزاد کشمیر کے اور قومی پرچم اٹھا رکھے تھے اور وہ پاکستان زندہ باد پاک فوج زندہ باد اور کشمیر بنے گا پاکستان کے فلک شگاف نعرے لگارہے تھے ۔سیکیورٹی کے انتظامات انتہائی سخت کیے گئے تھے ۔ ریلی کے ہمراہ ڈی ایس پی نوشہروفیروز محمد ایوب درس، ایس ایچ او پڈعیدن رانا جمشید راجپوت پولیس کی نفری کے ساتھ چل رہے تھے ۔ سکرنڈ میں جشن آزادی انتہائی جوش و جذبے سے منایا گیا۔ اس موقع پر پرچم کشائی کی اہم تقریب ٹائون کمیٹی سکرنڈ میں ہوئی جس میں اسسٹنٹ کمشنر سکرنڈ سلیم جتوئی، ٹائون کمیٹی سکرنڈ کے چیئرمین سید منیر احمد شاہ، وائس چیئرمین ٹائون کمیٹی سکرنڈ رئیس نور احمد لاکھو ، شہری اتحاد کے مراد خانزادہ نے پرچم کشائی کی اور پولیس کے چاق و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔ دوسری تقریب تعلقہ اسپتال سکرنڈ میں ہوئی جہاں ایم ایس تعلقہ اسپتال اور ڈاکٹر نصیر میمن ، ڈاکٹر شفقت گل نے پرچم کشائی کی۔ اسکے علاوہ مختلف تنظیموں کی جانب سے ریلیاں نکالی گئیں جن میں این پی سی آئی ایچ ، الخدمت فائونڈیشن سکرنڈ ، خانزادہ برادری، تحریک انصاف، سکرنڈ الائنس اور دیگر سیاسی وسماجی تنظیمیں شامل ہیں۔ ایس ایس پی آفس موٹر وے پولیس سکرنڈ میں قومی پرچم کشائی اور کیک کاٹنے کی تقریب کا انعقاد کیاگیا جس میں سیکٹر کمانڈر سجاد حسین بھٹی ، ڈی ایس پی نوشاد علی شیخ ، ایڈمن افسر غلام مصطفی، آپریشن افسر ارباب علی ، انسپکٹر عظیم خان زرداری، لائن افسر محمد علی، انسپکٹر آزاد بلوچ اور سب انسپکٹر نوید علی لاکھو نے شرکت کی۔ نیشنل ہائی وے پر موٹر وے پولیس کی طرف سے فلیگ مارچ اور خصوصی واک کا بھی انعقاد کیا گیا۔اس موقع پر نیشنل ہائی وے پر پودے لگائے گئے ،اسکول کے بچوں اور مسافروں میں موٹر وے پولیس کی طرف سے گفٹ پیک تقسیم کئے گئے ۔ پنگریو اورگردونواح میں بھی یوم آزادی نہایت جوش وجذبے سے منایاگیا۔اس حوالے سے مختلف سرکاری ونجی اداروں، سیاسی وسماجی تنظیموں کی جانب سے تقریبات کا انعقادکیا گیا اور ریلیاں نکالی گئیں۔ اس سلسلے کی سب سے پروقارتقریب ٹائون کمیٹی پنگریومیں ہوئی جس میں ایڈمنسٹریٹر ٹائون کمیٹی نثار احمد راہیپوٹو نے ٹائون عملے کے ہمراہ قومی پرچم کوسلامی دی۔ اس موقع پرشہریوں اورعملے میں مٹھائی بھی تقسیم کی گئی۔ نواحی گائوں حاجی دین محمد میں یوم آزادی کے حوالے سے ریلی نکالی گئی جس میں مختلف مکاتب فکرکے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی جبکہ دیگرتقریبات کابھی انعقادکیاگیا جن میں مقررین نے قیام پاکستان کے مقاصد اورپس منظرپرروشنی ڈالی اورتحریک پاکستان کے شہدا کوخراج تحسین پیش کیا ۔ کھپرو میں یوم آزادی کے موقع پر نیشنل پریس کلب کھپرو میں تقریب منعقد کی گئی جس میں کھپرو شہر کی ممتاز شخصیات تحریک انصاف کھپرو کے حاجی اسلم جٹ، امام بخش گجو، پیپلز پارٹی سٹی کھپرو کے انفارمیشن سیکریٹری ایڈووکیٹ عامر سہیل راجپوت، سینئر وائس پریذیڈنٹ ڈاکٹر سلیم جٹ، اسلم قائم خانی رانا اسماعیل راجپوت، انٹرنیشنل ہیومن رائٹس آرگنائزیشن کے رانا مختار راجپوت، مختار جٹ، کھپرو کے ایس ایچ او گلزار مری اور دیگر نے شرکت کی۔ اس موقع پر یوم آزادی کا کیک نیشنل پریس کلب کھپرو کے صدر فرید مغل، جنرل سیکریٹری محمد حسن ہنگورو نے کاٹا ۔یوم آزادی کی مین تقریب میونسپل آفس میں منعقد کی گئی تقریب میں پاکستانی پرچم کشائی کی گئی۔ اس تقریب میں تعلقہ کھپرو کے کسی سرکاری افسر نے شرکت نہیں کی جسکی وجہ سے میونسپل کمیٹی کے ٹھیکیداروں اور وائس چیئرمین نے پرچم کشائی کی ۔ شاہپورچاکر میں جشن آزادی کے موقعے پر مختلف تنظیموں آرٹس کونسل،ملک ینگ ویلفیئر ایسوسی ایشن،آل سندھی پٹھان یوتھ اور ہندو کمیونٹی کی جانب سے ریلیاں نکالی گئیں جن میں کشمیریوں سے اظہاریکجہتی کیلئے اور مودی کے خلاف نعرے بازی کی گئی ۔ وارہ میں جشنِ آزادی کے سلسلے میں شاندار تقریب کا انعقاد کیا گیا ، جس میں مختلف سرکاری و نجی اسکولوں کے سیکڑوں طلبا اوراساتذہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور ٹاؤن کمیٹی میں پرچم لہرایا گیا ۔تقریب میں ٹاؤن کمیٹی وارہ کے چیئرمین ریاض الدین ابڑو ،ٹی ایم او وارہ وریل خان چانڈیو ،پی پی سٹی صدر قیصر خان، چھٹو ہائی اسکول کے پرنسپل سائیں عبد الہادی چولیانی، سچل سرمست نجی پبلک اسکول کے ایم ڈی سائیں گل حسن اور دیگر نے شرکت کی۔ دوسری طرف قومی امن کمیٹی اور پاک سرزمین پارٹی کی جانب سے بھی الگ الگ جشن آزادی کی ریلیاں نکالی گئیں۔ ٹھل کے گائوں میر فیروز خان کندرانی سے میر راجا خان کندرانی کی سربراہی میں ملک پاکستان سے محبت اور کشمیری بھائیوں سے اظہار یکجہتی کے حوالے سے ایک ریلی نکالی گئی۔ ریلی میں بزرگوں نوجوانوں اور بچوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی اور پاکستان زندہ باد ،کشمیر بنے گا پاکستان کی اور مودی سرکار کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔ قمبر میں ضلعی انتظامیہ کیجانب سے ڈی سی آفس قمبر میں پرچم کشائی کی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ مین تقریب گورنمنٹ بوائز ہائی اسکول قمبر میں منعقد کی گئی جبکہ ڈپٹی کمشنر آفس میں بھی پرچم کشائی منعقد کی گئی اور گارڈ آف آنر دیا گیا ۔گورنمنٹ ڈگری گرلز کالج میں بھی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں طالبات نے نہ صرف ٹیبلوز پیش کیے بلکہ کیک کاٹ کر خوشی کا اظہار کیا اور کشمیری بہن بھائیوں سے یکجہتی کا اظہار کیا۔ میرپور ساکرو میں یوم آزادی سادگی سے منایا گیا ۔ ٹائون کمیٹی میرپور ساکرو میں سات بجکر 755منٹ پر پرچم کشائی کی تقریب ہوئی جس میں چیئرمین ٹاؤن کمیٹی، اسسٹنٹ مختار کار، کونسلرز اور معزز شہری شریک ہوئے ۔ ٹائون کی جانب سے آئے ہوئے لوگوں میں مٹھائیاں تقسیم کی گئیں۔ بعدازاں کشمیر کی آزادی کیلئے خصوصی دعا کی گئی ۔ لسبیلہ میں یوم آزادی کے موقع پر جشن آزادی اور یکجہتی کشمیر ریلیاں نکالی گئیں ۔ریلیوں کی قیادت اسسٹنٹ کمشنر حب کیپٹن ریٹائرڈ مہراللہ بادینی، ایم ڈی لیڈا اسلم ترین،پاکستان قومی اتحاد کے چیئرمین رضاخان خٹک،بھوتانی گروپ کے رہنما رفیق مگسی، فرید دلاری اور اقلیتی رہنما ہریش کمار نے کی۔ ریلیوں کے شرکاء نے قومی پرچم اور کشمیرکے جھنڈے اٹھا رکھے تھے اور انہوں نے پاکستان،پاک فوج اور کشمیریوں کے حق میں نعرے لگائے اور کشمیریوں سے یکجہتی کا بھرپور اظہار کیا۔ خانپور مہر میں بھی جشن آزادی کا دن بڑے جوش و جذبے سے منایا گیا، پاکستان کے آزادی کے دن پر پیپلزپارٹی کے ایم این اے سردار محمد بخش خان مہر کی قیادت میں ریلی نکالی گئی۔ ریلی خانگڑہ سے خانپور مہر ٹاؤن کمیٹی پہنچی جہاں سردار محمد بخش خان مہر اور ٹی ایم او خانگڑھ آغا جاوید پٹھان نے پاکستان کا پرچم لہرا کر ملکی سلامتی کے لیے دعا مانگی جس کے بعد ٹی ایم او آفس میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے پیپلزپارٹی کے ایم این اے سردار محمد بخش خان مہر کا کہنا تھا کہ اگر ہم متحد ہونگے تو کوئی مخالف ملک ہمیں میلی آنکھ سے دیکھنے کی جرات نہیں کر سکے گا، آج ہم پاکستان کی آزادی کی سالگرہ پر جتنے خوش ہیں اتنے کشمیر پر ہونے والے ظلم و ستم پر اداس ہیں ۔ کشمور میں جشن آزادی ملی جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا۔قومی امن کمیٹی ،درگاہ عالیہ بھر چونڈی شریف سمیت مذہبی و سیاسی تنظیموں کی جانب سے ریلیوں کا نہ ختم ہونے والا سلسلہ جاری ہے ۔ریلی میں 100 میٹر طویل پرچم بھی شامل تھا۔ کرمپور میں جاوید ٹیوشن سینٹر کی جانب سے جشن آزادی کی تقریب کا انعقاد کیا گیا ۔پروگرام میں مہمان خصوصی سردار زادہ میر زریاب علی خان بجارانی،میر عباس علی خان بجارانی،پروفیسر حبیب اللہ پٹھان، استاد فیض محمد بجارانی سمیت دیگر شہریوں اور سینٹر کے بچوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔پروگرام میں شریک بچوں نے قومی نغموں پر ٹیبلوز پیش کیے ۔آخر میں کامیاب بچوں میں انعامات تقسیم کیے گئے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں