حادثات و دیگر واقعات میں 5افراد جاں بحق ، 39زخمی
خیرپور میں ٹرک اورکار میں تصادم، خادم حسین چل بسا، بیوی اور بیٹی زخمی
خیرپور، اندرون سندھ( نمائندگان دنیا ) اندرون سندھ ٹریفک حادثات اور دیگر واقعات میں 5افراد جاں بحق اور39زخمی ہوگئے۔ خیرپور کے قریب قومی شاہراہ پر ٹرک اورکارکے درمیان تصادم کے نتیجے میں کار سوار خادم حسین جاں بحق ہوگیا جبکہ اسکی اہلیہ خورشیداور بیٹی نادیہ شدیدزخمی ہوگئیں ۔ ٹرک ڈرائیورفرار ہوگیا۔ محراب پور کے قریب قومی شاہراہ پر کراچی سے رحیم یار خان جانے والی تیز رفتار مسافر کوچ اوور ٹیک کرتے ہوئے الٹ گئی،حادثے میں رحیم یار خان کا رہائشی شعیب علی جاں بحق اور 8 مسافرزخمی ہوگئے۔ گاؤں یوسف ڈاھری کے قریب روہڑی کینال سے نامعلوم شخص کی لاش برآمد ہوئی ہے ، جسے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ جامشورو میں تھانہ بولا خان سے حیدرآباد آنے والی مسافر بس بریک فیل ہونے کے باعث الٹ گئی، جس کے نتیجے میں نصرپور کا رہائشی 60 سالہ ممو م گڑھار جاں بحق اور 15 افراد زخمی ہوگئے ۔ آمری کے قریب دو مسافر گاڑیوں میں تصادم کے نتیجے میں 6 افراد زخمی ہوگئے۔ میہڑ کے قریب مخدوم بلاول کالونی میں گھریلو پریشانی کے باعث 25سالہ اختر کولاچی نے بندوق سے فائر کر کے خودکشی کرلی۔ روہڑی کے شہر اروڑ میں بانگو برادری اور شیخ برادری کے درمیان تصادم ہوگیا، جس میں کلہاڑیوں ، لاٹھیوں ، اینٹوں کا آزادانہ استعمال کیا گیاجسکے نتیجے میں بانگو برادری کے نثار احمد بانگو ، محمد اظہر ، محمد مراد ،بگو ، غلام مصطفی جبکہ شیخ برادری کے راجہ شیخ اور نور حسن زخمی ہوگئے ، وقار علی بانگو نے بتایا کہ ہم اپنی زمین سے اینٹیں اٹھا رہے تھے کہ بااثر سیاسی شخص نے مسلح افراد کے ذریعے حملہ کروادیا ۔ جھڈو میں اسٹیشن روڈ پر پٹھان اور راجپوت برادری کے درمیان تصادم کے نتیجے میں 2 افراد زخمی ہوگئے ، تصادم میں ڈنڈے لاٹھیوں اور پٹرول بم بھی استعمال کئے گئے۔ نصیرآباد کے نواحی گاؤں آڈی جاگیر میں زمین کے تنازع پر ہونے والے جھگڑے میں فائرنگ سے منظور کوری زخمی ہوگیا جسے لاڑکانہ اسپتال منتقل کیا گیا ۔