مون سون بارشیں،انتظامیہ نالوں کی صفائی میں ناکام ،حافظ نعیم

مون سون بارشیں،انتظامیہ نالوں کی صفائی میں ناکام ،حافظ نعیم

گزشتہ سال بارشوں سے نقصانا ت کی تلافی تمام تر دعووں کے باجود نہیں کی جاسکی ،نالوں کی صفائی مکمل نہ ہوناصوبائی حکومت کی واضح نااہلی ہے ،امیرجماعت اسلامی کراچی

کراچی (اسٹاف رپورٹر )امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہاہے کہ محکمہ موسمیات کی جانب سے مون سون کی بارش کی پیش گوئی کے باوجود شہر میں اب تک ندی برساتی نالوں کی مکمل صفائی کے انتظامات نہ کرنے پر شدید مذمت کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مون سون بارشوں کی پیش گوئی کے باوجود ندی نالوں کی صفائی مکمل نہ ہونا صوبائی حکومت کی واضح نااہلی ہے ۔انہوں نے کہاکہ گزشتہ سال کی بارشوں سے ہونے والے نقصانا ت کی تلافی اب تک نہیں کی جاسکی ہے کراچی میں چھ جولائی سے گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے لیکن ہر سال کی طرح اس سال بھی مون سون موسم میں ابھی تک ندی نالے صاف نہ ہو سکے جس کے باعث ابر رحمت شہریوں کے لئے زحمت بننے کا خطرہ ہے ،محکمہ موسمیات کی جانب سے مون سون بارشوں کی اطلاع کے باوجود سندھ حکومت اور کے ایم سی کی جانب سے نالوں کی صفائی کا کام جلد از جلد مکمل کرنے کے بجائے صرف زبانی جمع خرچ اور دعوے کیے جارہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ گزشتہ سال ہونے والی بارشوں کے بعد تینوں حکومتی جماعتوں نے مشترکہ اجلاس میں بارش کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا تھا اور آئندہ کے لیے موثر اقدامات کرنے کافیصلہ کیا تھا لیکن اس کے باوجود گزشتہ بارشوں سے پیدا ہونے والے مسائل تاحال اب تک حل نہیں ہوسکے ہیں۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں