محکمہ ریونیو آئندہ ماہ آن لائن ہوجائیگا، نگراں وزیر صنعت سندھ
حیدر آباد (نمائندہ دنیا) نگراں صوبائی وزیر ریونیو و صنعت محمد یونس ڈھاگا نے کہا ہے کہ اپنی وزارت کے قلیل عرصے میں بھرپور کوشش کی ہے ۔۔
کہ محکمہ ریونیو میں جدید تقاضوں کے مطابق اصلاحات لائی جائیں۔ اس سلسلے میں آئندہ ماہ تک محکمہ ریونیو سندھ آن لائن ہوجائیگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے شہبازبلڈنگ حیدرآباد میں سندھ ریونیو الائنس کی جانب سے منعقدہ ریونیو کنونشن سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر سندھ ریونیو الائنس کے چیئرمین سید سردار علی شاہ نے محکمہ ریونیو کے ملازمین کے مسائل سے متعلق نگراں وزیرکو آگاہ کیا اور مطالبہ کیا کہ ریونیو ملازمین کو ریوینو الاؤنس،ٹائم اسکیل دیا جائے اور ترقیوں کے رولز میں اصلاحات لانے کے ساتھ ساتھ مختارکار اور سب رجسٹرارکے دفاتر کو علیحدہ علیحدہ بجٹ فراہم کیا جائے ،جس پر نگراں صوبائی وزیر نے محکمہ ریونیو کے ملازمین کے مسائل جلد حل کرنے کا یقین دلایا اورکہا کہ اینٹی انکروچمنٹ پروٹیکشن بل آئندہ آنے والی اسمبلی سے ہی منظور ہوسکتا ہے ۔صوبائی وزیر نے ریونیو ملازمین پر زور دیا کہ وہ محکمے کی ساکھ کو بحال کریں ،ماضی میں ایک تپے دار کی رپورٹ کو وزیر اعظم بھی بلا شک وشبہ تسلیم کرلیاکرتے تھے لیکن آج محکمہ ریونیو جو جائیداد کے کاغذات یاسیل سرٹیفکیٹ جاری کرتا ہے ، اس پر بینک قرض دینے کے لیے تیار نہیں ہوتے ، اس لیے کہ ہمیں محکمے کی ساکھ کو بحال کرنا ہوگااور اس کو جدیدتقاضوں سے ہم آہنگ کرکے عوام کو ریلیف فراہم کرنا ہوگا ، تاکہ عوام میں محکمہ ریونیو کی کارکردگی مزید بہتر ہوسکے ۔ قبل ازیں نگراں صوبائی وزیرنے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ حیدرآباد کے صنعتی زون کی زمین کے سلسلے میں کام جاری ہے ۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ ایم 6 کے معاملے پر نیب انکوائری کررہی ہے ۔سندھ ریونیو کنونشن میں کمشنر حیدرآباد سید خالد حیدر شاہ ،ڈپٹی کمشنر حیدرآباد طارق قریشی کے علاوہ ریونیو کے دیگر افسران اورسندھ ریونیو اتحادکے عہدیداران نے بھی شرکت کی۔
وزیر صنعت سندھ