جامعہ کراچی:سینڈیکیٹ اجلاس ، مالیاتی رپورٹس،بجٹ کی منظوری
کراچی(اسٹاف رپورٹر)جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی کی زیر صدارت سنڈیکیٹ کااجلاس بدھ کووائس چانسلر سیکریٹریٹ جامعہ کراچی میں منعقد ہوا۔
اجلاس میں اراکین سنڈیکیٹ نے مالیاتی ومنصوبہ بندی کمیٹی کی پیش کی جانے والی رپورٹس اوربجٹ کی منظوری دینے کے ساتھ یہ تجویز بھی پیش کی کہ بجٹ سے متعلق تمام دستاویزات کوکتابی شکل دے کر سنڈیکیٹ میں پیش کیاجائے ۔شیخ زیداسلامک ریسرچ سینٹر کے بورڈ آف گورنرز پراقراء یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسرڈاکٹر وسیم قاضی کی بحیثیت نمائندہ سنڈیکیٹ تین سال کی مدت کیلئے نامزدگی کی منظوری دی گئی جبکہ بورڈ برائے اعلیٰ تعلیم وتحقیق پر پروفیسرڈاکٹر نصرت ادریس کی بحیثیت نمائندہ سنڈیکیٹ3سال کی مدت کیلئے نامزدگی کی منظوری دی گئی۔اجلاس میںشعبہ کیمیکل انجینئرنگ میں ڈاکٹر یاسر،شعبہ بین الاقوامی تعلقات میں ڈاکٹرنعیم ،کمپیوٹر سائنس میں ڈاکٹر صادق ،ایگری کلچر اینڈ ایگری بزنس مینجمنٹ میں ڈاکٹر محمد فہیم،لائبریری اینڈ انفارمیشن سائنس میں ڈاکٹر رفعت ،سوشل ورک میں ڈاکٹر ندیم اورشعبہ ٹیچرایجوکیشن میں ڈاکٹر صفیہ کی بطور صدورشعبہ جات جبکہ ڈاکٹر ظفرایچ زیدی نیشنل سینٹر فارپروٹیومکس میں ڈاکٹر زہرہ اورانسٹی آف اسپیس سائنس اینڈ ٹیکنالوجی میں پروفیسرڈاکٹر جاوید کی بطور ڈائریکٹر تین سال کی مدت کیلئے تقرری کی منظوری دی گئی۔