چیف جسٹس جعلی نتائج کالعدم قرارد یں، حافظ نعیم

چیف جسٹس جعلی نتائج کالعدم قرارد یں، حافظ نعیم

کراچی(اسٹاف رپورٹر )امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے چیف جسٹس آف پاکستان سے اپیل کی ہے کہ انتخابات کے جعلی نتائج کو کالعدم قراردے کر سوموٹو ایکشن لیں اور فارم 45کے مطابق نتائج جار ی کیے جائیں۔

ہم جعلی مینڈیٹ کے خلاف سپریم کورٹ بھی جائیں گے ،عدالتی کمیٹی قائم کر کے کراچی کے ایک ایک پولنگ بوتھ کا فارنزک آڈٹ کیا جائے اور جو لوگ بھی اس کے ذمہ دار ہیں انہیں فکس کیا جائے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ادارہ نورحق میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر نائب امراء جماعت اسلامی کراچی ڈاکٹر اسامہ رضی، سیف الدین ایڈوکیٹ،رکن سٹی کونسل قاضی صدر الدین اورسیکریٹری اطلاعات زاہد عسکری بھی موجود تھے ۔حافظ نعیم نے مزید کہا کہ اگر صرف فارم 45کو بنیاد بناکر جعلی فارم 47کا موازنہ کیا جائے تو پوری قوم کے سامنے انتخابات کی حقیقت کھل جائے گی،جماعت اسلامی کے تحت 24فروری کو نمائش تا ایم اے جناح روڈ جعلی نتائج نامنظورریلی نکالی جائے گی۔ایم کیوا یم کراچی اور سندھ کے عوام کی جانب سے ریجیکٹڈ پارٹی ہے جن لوگوں نے انہیں کراچی کے عوام پر مسلط کیاہے ان کے خلاف کارروائی کی جائے ،ہم انٹرمیڈیٹ کے گیارہویں جماعت کے نتائج پر بنائی گئی کمیٹی کی رپورٹ اوراس میں تمام نشاندہیوں کو صحیح سمجھتے ہیں،اس میں جن لوگوں کو ذمہ دار قرار دیا گیا ہے اس میں سے صرف ایک کو معطل کیا گیا، نتائج سے واضح طور پر پتا چل گیا کہ سارا معاملہ بورڈ انتظامیہ کی نااہلی کا ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں