جامعات منشیات فروشی کا اڈہ بن چکی ہیں ،رابطہ کمیٹی

 جامعات منشیات فروشی کا اڈہ بن چکی ہیں ،رابطہ کمیٹی

کراچی(اسٹاف رپورٹر)متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے اراکین رابطہ کمیٹی نے کراچی سمیت ملک بھر کے اسکولوں ، کالجوں اور جامعات میں نوجوان طالب علموں کی جانب سے نشہ آور اشیاء کے استعمال کرنے پر شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے ۔

رابطہ کمیٹی نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ کراچی کی تعلیمی اداروں میں منشیات فروشی کا دھندا عروج پرہے طلبہ کو منشیات کی سپلائی تعلیمی اداروں کی جارہی ہے ، طلبہ کھلے عام تعلیمی اداروں میں منشیات کا استعمال کرتے ہوئے نظر آتے ہیں اور انتظامیہ منشیات کے تعلیمی اداروں میں استعمال کو روکنے میں ناکام نظر آتی ہے جبکہ محکمہ نارکوٹکس منشیات فراہم کرنے والے سپلائیرز کو پکڑنے میں مکمل ناکام ہو چکی ہے ۔رابطہ کمیٹی نے کہا کہ کراچی میں مستقبل کے ڈاکٹرز خود منشیات کی لت میں مبتلا ہو گئے ،کراچی کی جامعات بھی منشیات فروشی کا اڈہ بن چکی ہیں۔ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو نے  ڈاؤ یونیورسٹی اوجھا کیمپس کے کیفے ٹیریا میں منشیات کے کھلے عام استعمال کرنے پر والدین اور عوام کے ہوش اڑا دیے ہیں اس موجودہ دور میں نوجوانوں کی ایک بڑھتی ہوئی تعداد نشے کی طرف مائل نظر آتی ہے اور اس کا سدباب کرنا ناگزیر ہوتاجارہا ہے ۔رابطہ کمیٹی نے اعلی حکام سمیت تمام متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا کہ منشیات کی فراہمی اور استعمال کرنے کے عمل کو فوری روکنے کے اقدام کئے جائیں اور منشیات فراہم کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں