نیپرا کے غلط فیصلوں کا نوٹس لیاجائے ،کراچی چیمبرکا مطالبہ

 نیپرا کے غلط فیصلوں کا نوٹس لیاجائے ،کراچی چیمبرکا مطالبہ

کراچی (آن لائن)کراچی چیمبرکے صدر افتخار احمد شیخ نے نیپرا کی جانب سے جنوری 2024 کیلئے فیول چارجز ایڈجسٹمنٹ کی مد میں 7.0562 روپے فی کلو واٹ اضافے کی اجازت دینے کے فیصلے کی شدید مذمت کی ہے جو کہ کسی صورت بھی قابل قبول نہیں کیونکہ اس سے نہ صرف کاروباری لاگت بڑھے گی بلکہ عام آدمی کی مشکلات میں بھی اضافہ ہو گا۔

جو مہنگائی کے موجودہ دور میں کسی نہ کسی طرح بمشکل اپنا گزارا کرنے کی کوشش کر رہا ہے ۔ایک بیان میں صدر کے سی سی آئی نے کہا کہ فیول چارجز کی مد میں جنوری 2024 کیلئے تمام کیٹگری کے صارفین سے 7.0562 روپے فی کلو واٹ اضافی رقم وصول کرنے کی اجازت دینا انتہائی غیر منصفانہ ہے ۔عوام کے ساتھ تاجر برادری نے جنوری 2024 کے اپنے بل پہلے ہی ادا کر دیے ہیں اس لیے نیپرا نے مارچ 2024 کے بلوں میں ایک علیحدہ ہیڈ کے تحت جنوری 2024 کے فیول چارجز میں تبدیلی لانے کی ہدایت کی ہے جس سے نہ صرف تقریباً تمام گھرانوں کے بجٹ پر اثر پڑے گا بلکہ ہر قسم کے مینوفیکچرنگ یونٹس کیلئے مارچ کے اخراجات میں بھی خوفناک اضافہ ہو گا۔افتخار شیخ نے حکومت سے نیپرا کے غلط فیصلوں کا نوٹس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ریگولیٹر بے خوفی سے ٹیرف میں اضافہ کر تا چلا جارہا ہے اس سے قطع نظر کہ ان کے اقدامات کے نتیجے میں  غریب عوام کی زندگیوں پر کیا اثرات مرتب ہوں گے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں