سندھ اسپورٹس سٹی بنانے اور گیمز کرانے کا اعلان

 سندھ اسپورٹس سٹی بنانے اور گیمز کرانے کا اعلان

کراچی(آن لائن)محکمہ اسپورٹس سندھ نے صوبہ میں سندھ اسپورٹس سٹی بنانے اور ڈویژنل سطح پر اسپورٹس گیمز کرانے کا اعلان کردیا ہے ۔

سندھ کے وزیر کھیل و زراعت سردار محمد بخش مہر کی صدارت میں سندھ کی 45 اسپورٹس ایسوسی ایشنز کا سیکریٹری کھیل جلاالدین مہر کے دفتر میں اجلاس ہوا،جس میں سیکریٹری اسپورٹس جلاالدین مہر، سندھ اولمپک ایسوسی ایشن، سندھ باکسنگ ایسوسی ایشن، سندھ ہاکی ایسوسی ایشن سمیت دیگر ایسوسی ایشنز نے شرکت کی۔ وزیر کھیل سردار محمد بخش مہر نے اسپورٹس ایسو سی ایشنز کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم صوبہ میں سندھ اسپورٹس سٹی بنانے جارہے ہیں، اسپورٹس سٹی بنانے کے لیے سیکریٹری کھیل ایک پرپوزل تیار کریں گے ، ہم چاہتے ہیں کہ سندھ میں اسپورٹس سٹی بنائیں تاکہ سندھ کی اسپورٹس پروموٹ ہو،اسپورٹس سٹی میں اسپورٹس ایسو سی ایشنز کے دفاتر بھی قائم کیے جائیں گے ۔سردار محمد بخش مہر کا سیکریٹری کھیل کو احکامات دیتے ہوئے کہنا تھا کہ نیشنل گیمز اور ڈویژنل سطح پر اسپورٹس گیمز کرانے کے لیے تیاری کریں،ہماری یہی کوشش ہے کہ سندھ کی اسپورٹس کو آگے لائیں، ہم سب ملکر اسپورٹس کو آگے لائیں گے ۔ اجلاس میں مطالبہ کیا گیاکہ فزیکل ایجوکیشن،محکمہ تعلیم سندھ سے واپس لیکر محکمہ اسپورٹس میں ضم کیا جائے ، جس پر وزیر کھیل نے تمام ایسو سی ایشنز کو مسائل حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں