چند صارفین کی وجہ سے سب کی بجلی منقطع کرنے پر ایکشن ہو گا : وزیر توانائی

چند  صارفین  کی  وجہ  سے  سب  کی  بجلی  منقطع  کرنے  پر  ایکشن  ہو  گا  :  وزیر  توانائی

کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک، ایجنسیاں) صوبائی وزیر توانائی و ترقیات سید ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ بجلی کے بل ادا نہ کرنے والے چند صارفین کی وجہ سے دیگر گھروں کی بجلی منقطع کرنا پابندی کے ساتھ بجلی کے بل جمع کرنے والوں کے ساتھ زیادتی ہے ۔

کراچی کے مقامی ہوٹل میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر نے کہا کہ حکومت چند صارفین کی وجہ سے بل ادا کرنے والوں کو سزا دینے کے معاملے پر جلد ایکشن لے گی۔وزیر توانائی سندھ نے اس موقع پر کہا کہ صوبہ میں بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کی جانب سے صارفین کو زائد بلنگ، غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ، بلاوجہ بجلی کاٹنے جیسی صارفین کی بڑھتی ہوئی شکایات پر حکومت کو تشویش ہے جس کے تدارک اور چیئرمین بلاول بھٹو کے وژن کے مطابق عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف کی فراہمی کیلئے محکمہ توانائی سندھ حکمت عملی تیار کررہا ہے تاکہ صارفین کی شکایات کو دور کیا جاسکے اور اس حوالے سے جلد ہی ایکشن لیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ متبادل توانائی وقت کی انتہائی اہم ضرورت ہے جبکہ صوبہ سندھ میں متبادل توانائی کے ذرائع لامحدود ہیں۔ محکمہ توانائی سندھ ان قدرتی متبادل توانائی کے ذرائع کے استعمال کرنے کیلئے عملی اقدامات میں مصروف ہے ۔انہوں نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو کا وژن ہے کہ صوبے کے ہر گھر کو روشن کیا جائے اور انہیں سولرائزیشن کے ذریعے بجلی فراہم کی جائے ، اسی وژن کے تحت محکمہ توانائی سندھ صوبے کے انتہائی پسماندہ علاقوں کو پانچ لاکھ گھرانوں کو سولر سسٹم فراہم کررہا ہے ، اسکے علاوہ عالمی بینک کے تعاون سے بھی دو لاکھ گھرانوں کو سولرائزیشن کے ذریعے بجلی فراہم کرنے کا کام جاری ہے ۔صوبائی وزیر نے کہا کہ پنجاب کے بعد بجلی کی کمپنیاں سندھ کے عوام کی جیبوں پر ڈاکہ ڈال رہی ہیں، کے الیکٹرک،حیسکو اور سیپکو اوور بلنگ کررہے ہیں،تمام سرکاری دفاتر میں اسمارٹ میٹرز نصب کرنے کے حوالے سے کے الیکٹرک حیسکو اور سیپکو کو رقم ادا کردی گئی ہے لیکن ان اداروں نے رقم لینے کے باوجود 70 فیصد اسمارٹ میٹرز نصب نہیں کئے گئے ۔کے الیکٹرک،حیسکو اور سیپکو کراچی سمیت سندھ کے عوام سے اوور بلنگ کی مد میں کروڑوں روپے وصول کیے ہیں۔

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں