جھڈو :اعلانیہ و غیر اعلانیہ طویل بجلی بندش معمول بن گئی

جھڈو :اعلانیہ و غیر اعلانیہ طویل بجلی بندش معمول بن گئی

جھڈو (نمائندہ دنیا) حیسکو سب ڈویژن جھڈو میں اعلانیہ و غیر اعلانیہ طویل بجلی بندش معمول بن گئی،جبکہ فنی خرابیوں کو جواز بنا کر بھی کئی کئی گھنٹے کیلئے بجلی بند کر دی جاتی ہے ۔۔

جس کے باعث شہری شدید گرمی میں پریشانی کا شکار ہیں۔ منگل کو دوپہر پونے 12 بجے بجلی منقطع کی گئی جو 10 گھنٹے بعد رات پونے 10 بجے بحال کی گئی۔ حیسکو کے مطابق شہر میں ایک ٹرانسفارمر کی مرمت کی جا رہی ہے ، جس کی وجہ سے بجلی بند کی گئی، جبکہ اسی روز پرائمری اسکول محمد خان تالپور کے قریب لگے ٹرانسفارمر میں بھی خرابی پیدا ہوگئی اور وولٹیج بڑھنے سے گھروں میں استعمال ہونے والے برقی جل کر تباہ ہو گئے ۔گزشتہ روز بھی صبح پونے 8 بجے بند ہونے والی بجلی 8 گھنٹے بعد بحال ہوئی اور 2 گھنٹے بعد دوبارہ بند کر دی گئی، جو رات گئے تک بحال نہ ہو سکی تھی۔بجلی کی طویل بندش سے گھریلو اور کمرشل صارفین کو شدید مشکلات اور مسائل کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔ بجلی بندش سے کاروبار ٹھپ ہو کر رہ گیا ہے اور پینے کے پانی کی سپلائی بھی متاثر ہورہی ہے ۔ ذرائع کے مطابق شہر میں لگے بیشتر ٹرانسفارمر پرانے اور ناکارہ ہو چکے ہیں ،جس کے سبب یہ لوڈ برداشت نہیں کر پا رہے اور بار بار خراب ہو رہے ہیں جبکہ حیسکو سینئر ملازمین خود کام کرنے کے بجائے پرائیویٹ ملازمین سے کام لے رہے ہیں جس سے بجلی کا پورا نظام تباہ ہو کر رہ گیا ہے ۔

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں