190 ملین پاؤنڈ ریفرنس: عدالت نے بانی پی ٹی آئی کی درخواست ضمانت منظور کر لی

اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسلام آباد ہائی کورٹ نے 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس کیس میں بانی پی ٹی آئی کی درخواست ضمانت منظور کر لی، عدالت نے 10 لاکھ روپے مچلکوں کے عوض ضمانت منظور کی۔

عدالت نے محفوظ شدہ فیصلہ سنا دیا، 14 مئی کو دلائل مکمل ہونے پر فیصلہ محفوظ کیا گیا تھا، چیف جسٹس عامر فاروق اور جسٹس طارق محمود جہانگیری پر مشتمل ڈویژن بینچ نے فیصلہ محفوظ کیا تھا۔

9 جنوری کو احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے بانی پی ٹی آئی کی درخواست ضمانت مسترد کی تھی جس پر اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کیا گیا اور 26 فروری کو پہلی سماعت مقرر ہوئی۔

پہلی کچھ سماعتوں کے دوران سائفر کیس میں سزا کے خلاف ہی سماعت ہوئی جبکہ درخواست ضمانت پر کارروائی نہ ہو سکی، اسلام آباد ہائی کورٹ نے 28 مارچ کو پہلی باقاعدہ سماعت کی۔

اسلام آباد ہائی کورٹ نے 190 ملین پاؤنڈز نیب کیس میں بانی پی ٹی آئی کی درخواست ضمانت پر فیصلہ گزشتہ روز محفوظ کیا تھا۔

واضح رہے کہ دیگرمقدمات کی وجہ سے بانی پی ٹی آئی کی ابھی رہائی نہیں ہو سکے گی، 9 مئی سمیت سائفرکیس، عدت کیس زیر سماعت ہے، 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس میں بانی پی ٹی آئی کوریلیف ملا ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں