شعبہ تعلیم کو بہتر خطوط پر استوار کرنا اولین ترجیح،علی ملکانی

شعبہ تعلیم کو بہتر خطوط پر استوار کرنا اولین ترجیح،علی ملکانی

کراچی (اسٹاف رپورٹر)صوبائی وزیر یو نیورسٹیز اینڈ بورڈز محمد علی ملکانی نے کہا کہ حکومت سندھ کی اولین ترجیح تعلیم کے شعبے کو بہتر خطوط پر استوار کرنا ہے ۔کئی نئے منصوبوں پر کام جاری ہے جلد آپ کو کوخوشگوار تبدیلی نظر آئی گی۔

وہ المنائی ایسوسی ایشن گورنمنٹ کالج یونیو رسٹی حیدرآباد (کراچی چیپٹر)کے میگزین کی رونمائی اور معززین کے اعزاز میں تقریب سے خطاب کررہے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ میں ایسے کالج سے فارغ التحصیل طلبہ یا یوں کہہ لیں کہ سندھ کے ایک ایسے شہر کے دوستوں کے درمیان موجود ہوں جس کی مٹی میں جنم لینے والوں نے نہ صرف شاہ کی دھرتی بلکہ ملک اور بیرون ملک ہر شعبہ میں اپنی صلاحیت اور کارکردگی سے مقام پیدا کیا۔ گورنمنٹ کالج کی تاریخ ایک سو سال پرانی ہے ،اس تعلیمی ادارے نے سیاست، صحافت، بیوروکریسی، فلم ٹیلی وژن، عدلیہ، کھیل، طب اور دیگر شعبہ کیلئے گوہر نایاب تراشے جنہوں نے اپنے شعبوں میں اعلیٰ ترین مقام حاصل کیا۔صوبائی وزیر نے یقین دلایا کہ المنائی ایسوسی ایشن اور اس قدیم ادارے کے ساتھ ہمارا تعاون جاری رہے گا۔ المنائی ایسوسی ایشن کراچی چیپٹر کے دوستوں کے ساتھ مل کر مسائل کو حل کرنے کے ہر ممکن کوشش کریں گے ۔ صوبائی محتسب اعلیٰ ڈاکٹر سہیل راجپوت نے کہا کہ انہوں نے اس کالج سے تعلیم حاصل کی ہے وہ اس ادارے کی ترقی کیلئے ہر ممکن تعاون کریں گے ۔ کراچی چیپٹر کے سیکریٹری امین یوسف نے اپنی پریذنٹیشن میں ا لمنائی ایسوسی ایشن گورنمنٹ کالج حیدرآباد (کراچی چیپٹر)کے آئندہ کے منصوبوں سے متعلق آگاہ کیا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں