میٹرک امتحانات کا آغاز،نویں جماعت کا پہلا پرچہ آؤٹ

میٹرک امتحانات کا آغاز،نویں جماعت کا پہلا پرچہ آؤٹ

کراچی(اسٹاف رپورٹر،مانیٹرنگ ڈیسک ، خبر ایجنسیاں) ثانوی تعلیمی بورڈ کے تحت نہم و دہم جماعت سائنس و جنرل گروپ ریگولر اور پرائیویٹ کے سالانہ امتحانات کا آغا ز ہوگیا ۔

امتحانات کے پہلے ہی روزنویں جماعت کا کمپیوٹر سائنس کا پرچہ سوشل میڈیا کے ذریعے آؤٹ ہو کر وائرل ہو گیا۔چیئرمین میٹرک بورڈ کے مطابق سوشل میڈیا پرپرچہ آنا آؤٹ ہونے کے زمرے میں نہیں آتا۔تفصیلات کے مطابق کراچی میٹرک بورڈ کے تحت7 مئی (منگل )سے سالانہ امتحانات کا آغاز ہوگیاہے تاہم بورڈ انتظامیہ نقل مافیا کو لگام دینے میں ناکام ہے ۔امتحانات کے دوران کراچی میں دفعہ 144بھی کام نہ آئی اورنویں جماعت کا پہلاپرچہ سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا جبکہ بہت سے امتحانی مراکز میں کاپیاں اور سوالات کا پرچہ تاخیر سے پہنچا ۔ پہلے دن صبح کی شفٹ میں ساڑھے 9:30سے 12:30بجے تک سیکنڈری اسکول سرٹیفکیٹ پارٹ ون کیلئے سائنس گروپ کمپیوٹر اسٹیڈیز کا پرچہ جبکہ شام کو 2:30بجے سے 5:30 تک جنرل گروپ ریگولر و پرائیویٹ پارٹ ٹو جنرل سائنس کاپرچہ ہوا ۔ گرمی کے سبب امتحانات دینے والے بعض طلباء و طالبات پسینے میں شرابور ہوگئے اور بعض طلباء و طالبات نڈھال بھی نظر آئے جبکہ سینٹروں میں بجلی بھی غائب تھی۔بورڈ چیئرمین سید شرف علی شاہ اور ناظم امتحانات خالد احسان اور دیگر افسران نے صحافیوں کے ہمراہ کمپری ہینسو گورنمنٹ ہائی اسکول بلاک ایم نارتھ ناظم آباد اور چلڈرنز ایجوکیشنل سینٹر گورنمنٹ بوائز سیکنڈری اسکول کے امتحانی مراکز کا دورہ کیا۔اس موقع پر انہوں نے کہا کہ پرچہ امتحانی مرکز سے وائرل ہوتا ہے تو ہماری ذمہ داری نہیں ہے ، دفعہ 144 نافذ کی ،عملدرآمد کرانا حکومت کی ذمہ داری ہے ۔ا نہوں نے مزید کہا ہے کہ پیپرلیک کرنے والے ایجنٹ کیخلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ چیئرمین بورڈ کا کہنا تھا کہ سوشل میڈیا پرپرچہ آنا آؤٹ ہونے کے زمرے میں نہیں آتا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں