برساتی نالوں کی صفائی پر کام کی رفتار تیز کی جائے ،کمشنر

 برساتی نالوں کی صفائی پر کام کی رفتار تیز کی جائے ،کمشنر

کراچی (اسٹاف رپورٹر)کمشنر کراچی سید حسن نقوی کی زیر صدارت ان کے دفتر میں متوقع مون سون بارشوں سے نمٹنے کے اقدامات کا جائزہ اجلاس منعقد ہو ا ۔

 اجلاس میں مون سون بارشوں سے نمٹنے اور ممکنہ اربن فلڈنگ سے بچاؤکیلئے گزشتہ اجلاس میں کئے گئے فیصلوں پر عملدرآمد کے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ ڈپٹی کمشنرز، کے ایم سی، پی ڈی ایم اے ، واٹر کارپوریشن ، کنٹونمنٹ بورڈ، اور دیگر متعلقہ اداروں کے افسران نے گزشتہ اجلاس کے فیصلوں پر عملدرآمد کی رپورٹ پیش کی ۔ ڈپٹی کمشنرز نے اجلاس کو بتایا کہ برساتی نالوں کی صفائی کا کام شروع کر دیا گیا ہے ۔ بلدیہ عظمی کراچی کے سینئرڈائریکٹر میونسپل سروسزذولفقار ابڑو نے بتایا کہ اس وقت 30 نالوں پر صفائی کا کام جاری ہے ۔ انہوں نے ان نالوں کی فہرست پیش کی جن پر کام شروع کیا گیا ہے ۔اس موقع پرکمشنر نے کہا کہ برساتی نالوں کی صفائی کے کام کی رفتار تیز کر نے کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے ڈپٹی کمشنرز سے کہا کہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں ان یوٹیلیٹی اداروں کے ساتھ رابطہ کی کمی اور رکاوٹوں کو دور کرنے میں ان کی مدد کریں ۔ کمشنر نے کہا کہ بلدیہ عظمی اپنے اپنے علاقوں میں صفائی کا کام منصوبہ بندی اور اپنے ضلع کے ڈپٹی کمشنرکے ساتھ رابطہ سے کرے ۔فیصلہ کیا گیا کہ بلدیہ عظمی صفائی کے کام کا ہفتہ وار پروگرام بنائے گی اور ڈپٹی کمشنرز سے مشاورت کر ے گی ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں