سرفراز رفیقی شہید اسپتال کے ایم ایس غیر حاضری پر معطل

سرفراز رفیقی شہید اسپتال کے ایم ایس غیر حاضری پر معطل

کراچی (این این آئی) میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ کے ایم سی اپنے زیر انتظام اسپتالوں کو بہتر کرنا چاہتی ہے ، جزا و سزا کے عمل کے بغیر یہ نہیں ہوسکے گا۔

پرفارمنس بہتر نہ کرنے والے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ اور افسران کو اب مزید برداشت نہیں کیا جائے گا، سرفراز رفیقی شہید اسپتال کے ایم ایس ڈاکٹر غلام عباس کو غیر حاضری پر معطل کردیا ہے ، تمام میڈیکل سپرنٹنڈنٹس ایک ہفتے کے اندر رپورٹ دیں کہ ایک سال کے دوران انہوں نے کتنے شہریوں کو علاج معالجے کی سہولت دی،غلط اعداد و شمار دینے والے افسران کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ یہ بات انہوں نے محکمہ میڈیکل سروسز کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی، اجلاس میں میونسپل کمشنر بلدیہ عظمیٰ کراچی ایس ایم افضل زیدی، سینئر ڈائریکٹر میڈیکل سروسز اور تمام اسپتالوں کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ بھی موجود تھے ، میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ کے ایم سی کے تمام بڑے اسپتالوں کی کارکردگی اطمینان بخش نہیں ہے لہٰذا تمام میڈیکل سپرنٹنڈنٹ تحریری طور پر بتائیں کہ کتنے افسران و دیگر عملہ اسپتال میں اپنی ڈیوٹی پر آتا ہے ، تمام ڈاکٹرز، پیرامیڈیکل اسٹاف اور ملازمین کی سروس بک اور پرسنل فائل اسپتالوں میں موجود ہونی چاہئے ،کے ایم سی کے اسپتالوں میں کام کرنے والے تمام ڈاکٹرز سے ایک ہفتے کے اندر حلف نامہ لیا جائے کہ وہ کسی اور جگہ سروس یا پریکٹس نہیں کررہے اور اس حلف نامے کو میئر سیکریٹریٹ میں جمع کرائیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں