سپرہائی وے پرتیزرفتار گاڑی نے معمرراہگیر کوکچل دیا

کراچی(اسٹاف رپورٹر)نیشنل ہائی وے اورسپرہائی وے پر تیز رفتارگاڑی کی ٹکر سے ضعیف العمر راہگیر سمیت 2 افراد جاں بحق ہوگئے ،جبکہ ایک خاتون سمیت 5 افراد کی لاشیں برآمد ہوئیں۔
تفصیلات کے مطابق بن قاسم کے علاقے مین نیشنل ہائی وے پورٹ قاسم موڑ کے قریب تیز رفتارگاڑی کی ٹکر سے موٹرسائیکل سوار شخص جان بحق ہوگیا، متوفی کی شناخت 35 سالہ افروز ولد شیر زمان کے نام سے ہوئی ۔ گڈاپ سٹی کے علاقے سپر ہائی وے ایدھی ولیج سینٹر کے قریب تیز رفتارگاڑی کی ٹکر سے ضعیف العمر راہگیر جاں بحق ہوگیا،متوفی کی شناخت 60 سالہ خیر محمد ولد علی محمد کے نام سے ہوئی جو قریبی گوٹھ کا رہائشی بتایا جاتا ہے ۔بن قاسم کے علاقے گھگھر پھاٹک چنڈو خان گوٹھ کے قریب ندی سے ڈوبی ہوئی25 سالہ نامعلوم نوجوان کی لاش برآمد ہوئی ،جسے پولیس نے جناح اسپتال منتقل کی ،لاش کی شناخت اورفوری طور پر وجہ موت کا تعین نہیں ہوسکا۔ابراہیم حیدری کے علاقے کورنگی ابراہیم حیدری بنگال دھکا کے قریب سمندر سے 35 سالہ نامعلوم شخص کی لاش برآمد ہوئی۔نیو کراچی سندھی ہوٹل راجپوت محلہ مدنیہ مدرسہ کے قریب گھر سے 25 سالہ نامعلوم خاتون کی لاش برآمد ہوئی۔شارع فیصل کے علاقے الہٰ دین پارک سروس روڈ سے نامعلوم شخص کی لاش برآمد ہوئی۔گلبہار سے فٹ پاتھ سے 70 سالہ نامعلوم شخص کی لاش برآمد ہوئی۔