پولیس شہدا کیسز میں گرفتاریوں پر آئی جی سندھ مطمئن

پولیس شہدا کیسز میں گرفتاریوں پر آئی جی سندھ مطمئن

کراچی ( اسٹاف رپورٹر )آئی جی سندھ غلام نبی میمن کی زیر صدارت 4 اگست کو یوم شہدائے پولیس کے انتظامات سے متعلق جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔

ترجمان سندھ پولیس کے مطابق سینٹرل پولیس آفس کراچی میں منعقدہ اجلاس میں کراچی پولیس چیف، ڈی آئی جیز سی ٹی ڈی، ٹی اینڈ ٹی، کرائم اینڈ انویسٹی گیشن، ٹریفک حیدرآباد، اسٹیبلشمنٹ، ہیڈکوارٹرز، انویسٹی گیشنز، ٹریفک کراچی، زونل ڈی آئی جیز سمیت کراچی کے دیگر پولیس افسران بالمشافہ جبکہ ڈویژنل ڈی آئی جیز اور ضلعی ایس ایس پیز نے ویڈیولنک کے ذریعے شرکت کی۔ اجلاس میں سال 2022، 2023 اور 2024 میں شہید ہونے والے پولیس اہلکاروں و افسران کے کیسز پر ہونے والی پیش رفت کے حوالے سے زونل اور ڈویژنل ڈی آئی جیز نے بریفنگ دی، سال 2022 اور 2023 میں شہید اہلکاروں اور افسران کے کیسز تقریباً حل کیے جاچکے ہیں، سال 2024 میں شہید ہونے والے پولیس افسران و اہلکاروں کے کیسز پر تفتیش جاری ہے ، آئی جی سندھ غلام نبی میمن نے کہا کہ شہیدوں کے زیر تفتیش کیسز پر ترجیحی بنیادوں پر کام کیا جائے ، شہیدوں کے کیسز میں ملوث ملزمان کی گرفتاریاں اور پیش رفت اطمینان بخش ہے ، شہیدوں کے کیسز میں نامزد عدم گرفتار ملزمان کے خلاف غیر معمولی اقدامات کیے جائیں، پولیس کلنگز میں ملوث ملزمان کے سروں کی قیمت مقررکر کے ان کی بھرپور تشہیر کی جائے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں