گورنرکا24 گھنٹے مستحقین میں راشن کی تقسیم کااعلان
کراچی (اسٹاف رپورٹر )گورنرسندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا ہے کہ گورنرہاؤس سے 24 گھنٹے مستحقین میں راشن کی تقسیم کا عمل شروع کرنے جارہے ہیں۔۔۔
انشاء اللہ 20 لاکھ سے زائد مستحقین میں راشن بیگز تقسیم کئے جائیں گے اور یہ سلسلہ جاری و ساری رہے گا ، پہلے مرحلے میں 9ہزار سولر سسٹم کا آڈر دے دیا ہے ، سولر سسٹم 300 یونٹس سے کم استعمال کرنے والوں کو دیئے جائیں گے ، میڈیا ہمارے اس کارخیر میں شامل ہو ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنرہاؤس میں مستحقین میں راشن بیگز کی تقسیم کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا ۔ گورنرسندھ نے کہا کہ اب تک 6 لاکھ 90 سے زائد مستحق افراد میں راشن بیگز تقسیم کئے جاچکے ہیں، عوام کے لئے جب سے گورنرہاس کے دروازے کھولے گئے ہیں لوگوں کی بڑی تعداد گورنرہاؤس آرہی ہے اور آج تک تقریباً 30 لاکھ سے زائد افراد گورنر ہاؤس آچکے ہیں ، اب تک نوجوانوں کو 8ہزار لیپ ٹاپ دیے گئے ہیں ، 50 ہزار نوجوانوں کو آئی ٹی کے مفت کورسز کرائے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس وسائل نہیں لیکن مخیر دوستوں کے تعاون سے عوام کی خدمت کررہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ 14اگست کے دن عوام بھی اپنے اہل خانہ کے ساتھ گورنر ہاس میں جشن آزادی کی تقریب میں شرکت کریں۔ ہم اس روز آزادی کا کیک کاٹیں گے ، قومی ترانہ اور فائر ورک بھی ہوگا سب مل کر یوم آزادی کا جشن خوب منائیں گے۔