میہڑ :بولان کا سیلابی پانی فریدآباد کی حدود میں داخل
میہڑ (نمائندہ دنیا) حالیہ بارشوں کے بعد بلوچستان کے علاقے بولان کا سیلابی پانی میہڑ کاچھو کے علاقے فریدآباد کی حدود میں داخل ہوگیا۔۔
حمل زیرو پوائنٹ پر پانی کی سطح 9 فٹ تک پہنچ گئی ہے ، پانی کی سطح بلند ہونے کے باعث ضلع قمبر شہداد کوٹ کے گاؤں دودا خان چانڈیو ، عاشق مغیری ، عیسیٰ پور ، خوشحال خان مگسی ، حاجی خان مغیری ،نیک محمد مغیری ، میرپور برڑو ، غیبی ڈیرو ، سونا خان چانڈیو ،حمل ، گاھی جو گوٹھ ، کنڈو ڈیرو ، علی بخش تیونو سمیت کئی دیہات کے راستے پانی کی لپیٹ میں آ گئے ہیں ، جس کے باعث گاؤں کے مکینوں کو شہر کی جانب آنے اور جانے میں شدید مشکلات کا سامنا ہے ۔ راستے بند ہونے کے باعث متاثرہ دیہات میں خوراک کی قلت پیدا ہوگئی ہے اور تعلیمی ادارے بھی سخت متاثر ہو رہے ہیں۔ دوسری جانب علاقہ مکینوں نے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ ، حلقے کے منتخب نمائندوں ، پی پی ایم پی اے میر نادر خان مگسی ،ایم این اے میر عامر خان مگسی سے مطالبہ کیا ہے کہ گاؤں کے راستے بند ہونے کے باعث سیلاب متاثرین کو خوراک کی اشد ضرورت ہے جو فراہم کرنے کے ساتھ کشتیاں بھی دی جائیں تاکہ لوگ متاثرہ دیہات سے نکل کر محفوظ مقام پر پناہ لے سکیں۔