حیدر آباد:لمس جامشورو کیمپس کے طلباء کی احتجاجی ریلی
حیدرآباد(آن لائن)لیاقت یونیورسٹی آف میڈیکل اینڈ ہیلتھ سائنسز جامشورو کے فیکلٹی ممبران، افسران ، اسٹاف ممبران اور طلباء کی ایک بڑی تعداد نے کیمپس میں احتجاجی ریلی کا اہتمام کیا اور لمس کیمپس کے پیچھے سندھ یونیورسٹی کی اراضی پر واقع دیہات کے مکینوں کے احتجاج کی مذمت کی۔
مظاہرین نے یونیورسٹی کے بیچ سے راستہ فراہم کرنے کے لیے دیہات کے مکینوں کے ناجائز مطالبے اور احتجاج کے جواب میں احتجاج کیا۔اس موقع پرمقررین نے کہاکہ دیہاتیوں کے ناجائز مطالبات کے نتیجے میں ہاسٹلز میں مقیم ہزاروں مقامی اور بین الاقوامی طلباء و طالبات غیر محفوظ ہو سکتے ہیں۔ کیمپس کو باؤنڈری وال کے ساتھ محفوظ بنایا گیا ہے اور انتظامیہ کی جانب سے تمام خارجی راستوں کو سیل کر دیا گیا ہے ، جیسا کہ اس سے قبل گاڑیوں کی چوری کے متواتر واقعات، فون چھیننے ، لیپ ٹاپس، قیمتی سامان کی چوری کی اطلاعات موصول ہو چکی ہیں۔ کیمپس کے اندر غیر مجاز افراد اور جرائم پیشہ افراد کی جانب سے طالبات کو ہراساں کرنے کے واقعات بھی پیش آچکے ہیں۔احتجاجی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے صدر ٹیچرز ایسوسی ایشن پروفیسر ڈاکٹر رسول بخش نے کہا کہ ہم اپنے طلباء اور ملازمین کی سیکیورٹی پر کسی بھی قیمت پر سمجھوتہ نہیں کر سکتے ، یونیورسٹی نے پہلے ہی دیہات کو متبادل راستہ فراہم کرنے کے لیے چار ایکڑ اراضی دے رکھی ہے ۔ وائس چانسلر نے مذکورہ دیہات کے بچوں کے لیے مستقل بنیاد پر ٹرانسپورٹ سروس کی فراہمی کے لیے یقین دہانی کرائی ہے ۔